اننت ناگ بلاک سے ضلع ترقیاتی کونسل (ڈی ڈی سی) انتخابات میں بحیثیت آزاد امیدوار حصہ لینے والے عمران احمد شاہ نے مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں ڈی ڈی سی انتخابات پہلی مرتبہ منعقد کئے جانے اور انتخابات کو پر امن طریقہ سے انجام دینے پر حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ انتخابات ترقی اور خوشحالی کے لئے کافی اہمیت کے حامل تھے، تاہم انہوں نے ضلع انتظامیہ پر انتخابات میں بے ضابطگی کا الزام عائد کیا، انہوں نے کہا: ’’ضلع کے اکثر مقامات پر سرکاری ملازمین کو انتخابات میں دھاندلی کے لئے استعمال کیا گیا۔‘‘
عمران نے مزید کہا کہ ’’گزشتہ حکومتوں نے غریب عوام کا ہمیشہ استحصال کیا ہے، لوگوں کو یہاں کے سیاست دانوں سے بھروسہ اٹھ چکا تھا، اس لیے یہاں کی عوام نئے چہروں کی تلاش میں تھی، تاہم علاقائی پارٹیوں نے گپکار ڈکلیریشن تشکیل دے کر نوجوانوں اور نئے چہروں کو سامنے آنے میں رکاوٹیں حائل کر دیں اور گپکار ڈکلیریشن میں شامل پارٹیوں نے نئے چہروں کو موقع فراہم کرنے کے بجائے اپنے رشتہ داروں کو میدان میں اتارا۔‘‘
انہوں نے انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے پر عوام کا بھی شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ عمران احمد شاہ نے ضلع اننت ناگ کی نشست کے لئے ڈی ڈی سی انتخابات میں بحیثیت آزاد امیدوار حصہ لیا تھا، تاہم عمران کو ان انتخابات میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔