اننت ناگ (جموں و کشمیر) : جنوبی کشمیر میں نیشنل کانفرنس کو اُس وقت ایک جھٹکا لگا جب پارٹی کے سینئر لیڈر اور ڈسٹرٹ ڈیولپمنٹ چیئرمین (ڈی ڈی سی)، اننت ناگ، محمد یوسف گورسی نے غلام نبی آزاد کی زیر قیادت ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی (DPAP) میں شمولیت اختیار کر لی۔ اس حوالہ سے ڈی پی اے پی کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق ’’ڈی ڈی سی چیئرمین، اننت ناگ اور سینئر این سی لیڈر محمد یوسف گورسی نے ڈی پی اے پی کے چیئرمین غلام نبی آزاد اور دیگر کئی سینئر رہنماؤں کی موجودگی میں پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔‘‘
واضح رہے کہ گورسی نیشنل کانفرنس کے سابق ایم ایل اے پہلگام الطاف احمد کلو کے قریبی ساتھی تھے۔ گورسی نے نیشنل کانفرنس کی ٹکٹ پر ڈی ڈی سی انتخابات میں شمولیت کی تھی اور وہ کامیاب ہوئے تھے۔ گوری ضلع ترقیاتی کونسل اننت ناگ کے چیئرمین کے عہدے پر بھی فائز ہوئے۔ محمد یوسف گورسی قبائلی طبقہ سے تعلق رکھنے والے ایک مضبوط حریف کے طور پر مانے جاتے ہیں، گورسی کے پارٹی کو خیرباد کہنے کے بعد این سی کو اننت ناگ میں ایک بڑا دھچکا لگا ہے۔
مزید پڑھیں: DPAP Convention in Pulwama: آزاد پارٹی نے کیا پلوامہ میں اجلاس منعقد
ڈی پی اے پی جوائن کرنے کے موقع پر گورسی نے کہا کہ ’’جموں کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال کو دلدل سے نکالنے کے لیے ایک متحرک اور ہمدرد رہنما کی ضرورت ہے۔‘‘ گورسی نے کہا کہ انہوں نے غلام نبی آزاد میں وہی امید دیکھی ہے اور وہ نڈر اور عوام کے حامی ہیں۔ گورسی نے مزید کہا کہ انہوں نے ڈی پی اے پی میں صرف اس لیے شمولیت اختیار کی کیونکہ انہیں یقین ہے کہ ’’غلام نبی آزاد جموں کشمیر کو موجودہ صورتحال سے نکال سکتے ہیں۔ وہ ایک بہادر اور شفاف لیڈر ہیں جو اپنے لوگوں کے لیے وژن اور مشن رکھتے ہیں۔‘‘
گورسی کا مزید کہنا ہے کہ ’’جب تمام سیاسی جماعتیں زمینوں سے لوگوں کی زبردستی بے دخلی پر خاموش تھیں، تو آزاد صاحب کی قیادت میں ڈی پی اے پی ہی ایک سیاسی جماعت تھی جو سڑکوں پر اتر آئی اور حکومت کو بے دخلی مہم روکنے پر مجبور کیا۔‘‘ ادھر، پارٹی چیئرمین نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ گورسی کی موجودگی پارٹی کو مزید ترقی دینے اور پارٹی کے ایجنڈے کو سماج کے ہر فرد تک پہنچانے میں مدد دے گی۔ گورسی کی پارٹی جوائننگ کے موقع پر جی ایم سروری وائس چیئرمین، حاجی عبدالرشید جنرل سیکریٹری، پیر شہباز ڈی ڈی سی، میر الطاف اور کئی دیگر رہنما بھی موجود تھے۔