اننت ناگ: 30 جون کو امرناتھ یاترا کے سلسلہ میں انتظامیہ کی جانب سے تیاریاں زوروں سے جاری ہیں۔ زمینی سطح پر تمام تر انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ ڈاکٹر پیوش سنگلا نے شیش ناگ بیس کیمپ کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ سول انتظامیہ اور سکیورٹی ایجنسیوں سے وابستہ افسران بھی تھے۔ دورہ کے دوران ڈاکٹر سنگلا نے کہا کہ ٹریک پر مختلف ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں۔ ٹریک کو چوڑا کرنے، ڈھیلے پتھروں کو ہٹانے، کریٹ بنڈ و دیگر ضروری کام پورے رفتار سے جاری ہیں۔ Amarnath Yatra 2022 Prepration
ڈاکٹر سنگلا نے شیش ناگ میں قائم بیس ہسپتال کا دورہ کیا اور مختلف شعبہ جات کے لیے مختص جگہ کا بھی جائزہ لیا۔ شیش ناگ بیس کیمپ میں عہدیداروں کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی گئی جس میں انہیں جاری کاموں میں تیزی لانے اور 15 جون تک تمام تیاریوں کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی۔ انہوں نے چندن واڑی سے گپھا تک کئی طبی امدادی مراکز کی تعمیر کا معائنہ کیا اور راستے میں مختلف مقامات پر پانی کے نلوں کی تنصیب کا بھی جائزہ لیا۔ DC Anantnag Visits Sheeshnag Base Camp
ڈپٹی کمشنر نے شیش ناگ کیمپ میں بیت الخلاء کی تنصیب کا جائزہ لیا۔ ضروری طبی سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے سی ایم او کو ہدایت دی گئی کہ وہ ایمبولینس سروس کو یقینی بنائیں تاکہ راستے میں کسی بھی ضرورت مند کو بغیر کسی تاخیر کے ہنگامی طبی امداد فراہم کی جا سکے۔ اس موقع پر انہیں بتایا گیا کہ شیش ناگ بیس کیمپ میں بجلی اور پانی کی فراہمی دونوں دستیاب ہیں۔
صاف ستھرے ماحول کو قائم رکھنے کے لئے ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ بیس کیمپ میں ٹھوس اور رقیق فضلہ کے مناسب انتظامات کیے جائیں اور کوڑا کرکٹ سے بچنے کے لیے مختلف جگہوں پر ڈسٹ بِن لگائے جائیں۔
مزید پڑھیں:
پہلگام ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو ہدایات جاری کی گئیں کہ وہ چندن واڑی اور شیش ناگ بیس کیمپوں کے درمیان راستے پر ہر 100 میٹر کے فاصلے پر لائٹس لگائی جائیں تاکہ یاتری شام کے اوقات میں محفوظ طریقے سے سفر کرسکیں۔ ان کے ہمراہ ایس ایس پی اننت ناگ، سی ای او پی ڈی اے، ایس ڈی ایم پہلگام، سی ایم او، آر اینڈ بی کے ایس ای،ایگزیکٹو انجینئر جل شکتی، ایس ڈی ایم پہلگام، اے سی ڈی، سی آر پی ایف کے افسران، تحصیلدار پہلگام سمیت کئی دیگر افسران موجود تھے۔