اننت ناگ (جموں و کشمیر): ضلع ترقیاتی کمشنر، اننت ناگ، سید فخرالدین حمید نے جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع کے دور دراز گجر بستیوں کا دورہ کیا اور وہاں پر عوامی نمائندوں اور مختلف وفود سے ملاقات کرکے لوگوں کے مطالبات اور مسائل سنے۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے عینو بر گجر پٹی، گواس گجر علاقہ اور اچناد قبائلی علاقہ سے تعلق رکھنے والے باشندوں سے گفتگو کی، جس دوران لوگوں نے علاقہ سے متعلق مسائل و مطالبات ان کے سامنے رکھے اور علاقہ کی ترقی کے حوالے سے ان کی تجاویز سنیں۔
ضلع ترقیاتی کمشنر کی آمد پر مقامی باشندوں نے ان کا گرم جوشی سے استقبال کیا اور انہیں روایتی پگڑی (دستار) بھی پہنائی گئی۔ لوگوں نے ڈی سی اننت ناگ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پہلی بار کسی ڈی سی کو اپنے علاقہ میں آتے ہوئے لوگوں کے مسائل از خود سنتے ہوئے دیکھا ہے۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے عوام کو یقین دِلایا کہ ان کے تمام مسائل ترجیہی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے اور طویل مدتی ترقیاتی منصوبوں اور موجودہ ترقیاتی منصوبوں کی عمل آوری پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: DC Anantnag on Amarnath Yatra: یاتریوں کو سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیحات میں شامل، ڈی سی اننت ناگ
اِس سے قبل مقامی باشندوں نے علاقے کے مطالبات کے چارٹر کو حوالے کرنے سے پہلے آنے والے معززین کے روایتی اِستقبال کا اہتمام کیا جسے ضلع ترقیاتی کمشنر نے مستقبل کی ترقی کے لئے روڈ میپ قرار دیا۔ ڈی سی نے مزید کہا کہ حکومت گورننس کو عام لوگوں کی دہلیز تک پہنچانے کے لئے پُر عزم ہے اور اُنہوں نے لوگوں کو یقین دِلایا کہ ان کی تجاویز پر خصوصی توجہ دی جائے گی اور اجاگر کیے گئے مسائل کے جلد اَز جلد اَزالے کے لئے موقع پر ہی ہدایات جاری کیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ضلع کے لوگ مثبت سوچ رکھتے ہیں اور ہمیشہ بہتر حکمرانی کی تجویز اور حمایت کرتے ہیں۔ بعد ازاں ضلع ترقیاتی کمشنر نے جے کے ایم کے جاری پروجیکٹس کا بھی دورہ کیا۔ ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ کے ہمراہ متعلقہ اَفسران کے علاوہ تحصیل دار پہلگام اور لائن ڈیپارٹمنٹس کے اَفسران بھی موجود تھے۔