گزشتہ روز ضلع اننت ناگ کے نمبل علاقہ میں بجلی کا پول نصب کرنے کے دوران پانچ مزدوروں کو کرنٹ لگا تھا جس کے سبب ایک مزدور موقع پر ہی ہلاک جبکہ چار دیگر زخمی ہو گئے تھے۔
ڈی سی اننت ناگ کے کے سدھا نے اس واقعے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرنے کا حکم دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ نجی کمپنی نے غیر ذمہ داری اور لاپرواہی کا مظاہرہ کیا ہے جس کے سبب حادثہ رونما ہوا ہے۔
ڈی سی نے کہا کہ مذکورہ کمپنی نے محکمہ بجلی کو مرمتی کام کے بارے میں آگاہ نہیں کیا تھا تاکہ اس دوران بجلی کے سپلائی کو منقطع کیا جا سکے۔
کے کے سدھا نے کہا کہ تحقیقات کے لئے ایک ٹیم تشکیل دی گئی ہے جنہیں سات روز کے اندر تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ڈی سی نے کہا کہ ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔