ضلع ترقیاتی کمشنر، اننت ناگ ڈاکٹر پیوش سنگلا نے مختلف محکموں سے وابستہ افسران کے ہمراہ مٹن، ویل ناگبل اور دیگر دور دراز علاقوں کا دورہ کیا۔ ڈی سی اننت ناگ نے مٹن اور ویل ناگبل میں منعقدہ عوامی دربار میں شرکت کی جہاں مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ ڈی ڈی سی، بی ڈی سی چیئرپرسنز، سرپنچ و پنچ صاحبان کے علاوہ سیول سوسائٹی اور اوقاف کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی۔
دونوں مقامات پر اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی اننت ناگ نے کہا کہ انتظامیہ لوگوں کی شکایات اور مطالبات کے فوری ازالے کے علاوہ شفاف اور قابل رسائی گورننس کی فراہمی کے لیے پر عزم ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت مقامی لوگوں کی ترقی اور فلاح و بہبود کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔
ڈاکٹر سنگلا نے کہا کہ رواں برس بجٹ میں تین گناہ اضافہ کیا گیا ہے اور فیلڈ اسٹاف کو بر وقت تمام ترقیاتی کاموں کو مکمل کرنے میں زیادہ متحرک ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ڈی ڈی سی نے علاقے کے معزز شہریوں پر زور دیا کہ وہ نوجوانوں میں بڑھتے منشیات کے رجحان کو روکنے کے لیے حکام کو اپنا تعاون فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے ہنر کو اجاگر کرنے، انہیں تندرست رکھنے اور منشیات سمیت دیگر سماجی برائیوں سے دور رکھنے کے لئے دیہی علاقوں میں پنچایتی سطح پر یوتھ کلبس اور کھیل کے میدان تعمیر کئے جا رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: اننت ناگ: آٹھویں پاس سکیورٹی گارڈ نے 120 پوسٹ مارٹم کرڈالے
ڈی سی نے مزید کہا کہ ’’کووڈ19 ابھی ختم نہیں ہوا۔‘‘ انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ کووڈ19 پروٹوکول کی پیروی کریں، وہیں انہوں نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ کورونا مخالف ویکسین لگوائیں اور زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل کرنے کے لیے وقتا فوقتاً وضع کی جا رہی اسکیم میں اپنا اندراج کروائیں۔
اس موقع پر سول سوسائٹی اور اوقاف کے نمائندوں کی جانب سے کئی مطالبات پیش کیے گئے جن میں مٹن کے لیے پانی کی فراہمی، اندرونی سڑکوں کی تجدید و مرمت و میگڈمائزیشن، اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب، کے پی روڈ کی غیر فعال لائٹس کو فعال بنانے کے علاوہ دیگر مسائل انتظامیہ کے سامنے رکھے۔ وہیں پی ایچ سی مٹن میں عملے میں اضافہ، تحصیل دفتر کی تکمیل کے مطالبے بھی اجاگر کئے گئے۔
مزید پڑھیں: 370 کی منسوخی اور لاک ڈاون کی وجہ سے بیروزگاری میں اضافہ
بعد ازاں ڈی سی نے پولٹری پروجیکٹ دفتر مٹن کا دورہ کیا اور یونٹ کے کام کاج کا جائزہ لیا۔ انہوں نے تحصیل دفتر مٹن کا بھی دورہ کیا۔ وہیں ویل، ناگبل کے دورے کے دوران منعقدہ عوامی دربار کے دوران لوگوں نے اپنے علاقے سے منسلک مختلف مسائل اور مطالبات ڈی سی کے سامنے پیش کیے۔
ڈی سی نے بعض مطالبات کے ازالے کے لیے موقع پر ہدایات جاری کیں اور یقین دلایا کہ دیگر جائز مطالبات کو بھی مقررہ وقت کے اندر پورا کیا جائے گا۔