اننت ناگ (جموں کشمیر) : جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں دوران شب نقب زنوں نے ایک اے ٹی ایم کی توڑ پھوڑ کرکے مشین سے نقدی اڑانے کی کوشش کی۔ یہ واردات جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب حلقہ انتخاب کوکرناگ کے ہانگل گنڈ علاقے میں پیش آئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہانگل گنڈ میں قائم ایچ ڈی ایف سی بینک کے اے ٹی ایم پر سیکورٹی گارڈ تعینات نہ ہونے کے باعث ایسا واقعہ پیش آیا ہے۔ پولیس نے اس ضمن میں ایف آئی آر درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق اے ٹی ایم مشین کی توڑ پھوڑ انجام دی گئی ہے، تاہم نقب زن مشین سے نقدی لوٹنے میں کامیاب ہوئے ہیں یا نہیں اس کا پتہ لگایا جا رہا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے بعد ہی اس ضمن میں پوری تصویر سامنے آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے تکنیکی شواہد جمع کرنے شروع کر دئے ہیں۔
مزید پڑھیں: Theft Attempt in ATM ورنگل میں اے ٹی ایم میں چوری کی کوشش، نوجوان گرفتار
واضح رہے کہ مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں اس سے قبل بھی ایسے کئی واقعات رونما ہوئے ہیں جس کے نتیجے میں جموں کشمیر بینک سمیت دیگر بینوں کے نصب اے ٹی ایم مشینوں کی توڑ پھوڑ کی گئی۔ بعض ایسے واقعات بھی رونما ہوئے جہاں نقب زن اے ٹی ایم مشین کی توڑ پھوڑ کرکے فرار ہو گئے بعض ایسے بھی واقات رونما ہوئے جن میں لٹیرے اے ٹی ایم سے نقدی اڑانے میں کامیاب ہو گئے۔