اننت ناگ (جموں و کشمیر): جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں بدھ کی شام کوکرناگ، ہلر علاقے میں گولی لگنے سے ایک پولیس کانسٹیبل کی موت واقع ہو گئی۔ پولیس نے معاملہ کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری شروع کر دی ہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ 18بٹالین انڈین ریزرو پولیس (آئی آر پی) میں بحیثیت کانسٹیبل تعینات سرحدی ضلع پونجھ کے رہائشی عمر فاروق کو ضلع اننت ناگ کے کوکرناگ کے ہلر علاقہ میں گولی لگی، جس سے وہ شدید طور پر زخمی ہو گئے۔ اگرچہ پولیس کانسٹیبل کو شدید زخمی حالت میں فوری طور پر سب ضلع ہسپتال (ایس ڈی ایچ) اچھہ بل منتقل کی گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لا کر فوت ہو گئے۔
ایس ڈی ایچ اچھہ بل کے ایک ڈاکٹر نے کانسٹیبل کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ عمر فاروق کو شدید زخمی حالت میں اسپتال پہنچایا گیا جہاں ان کا علاج و معالجہ کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔ یہ واقعہ کیسے اور کن حالات میں پیش آیا ابھی تک اس کا انکشاف نہیں کیا گیا۔ دریں اثنا، پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اس سلسلے میں تحقیقات شروع کر دی ہے، تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ یہ خودکشی کا معاملہ ہے یا کچھ اور۔
- مزید پڑھیں: ڈیوٹی پر تعنیات سپاہی نے خودکشی کی
قابل ذکر ہے کہ پولیس، فوج اور نیم فوجی دستوں میں خود کشی، برادر کشی کے واقعات میں اضافہ کے ساتھ ساتھ حادثاتی فائر کے سبب اموات میں اضافہ درج ہوا ہے۔ ماہرین، اعلیٰ افسران کی جانب سے اس طرح کے واقعات پر قابو پانے کے حوالہ سے کئی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔