جنوبی کشمیر کے پہلگام علاقے میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف 'گرینڈ آپریشن' کے دوران آرو علاقے میں تقریبا 40 کنال اراضی کو بازیاب کیا گیا۔
یہ مہم پہلگام ڈیولپمنٹ اتھارٹی، محکمہ ریوینیو اور پولیس کے اشتراک سے آرو، پہلگام کے علاقے میں شروع کی گئی اور پہلے ہی روز درجنوں کنال اراضی کو بازیاب کر کے غیر قانونی تعمیرات کو منہدم کیا گیا۔
اس مہم میں سو سے زائد پی ڈی اے، پولیس اور ریوینیو ڈپارٹمنٹ کے اہلکاروں نے حصہ لیا۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے ایس ڈی ایم پہلگام ڈاکٹر فہیم نے اس مہم کو مستقبل میں بھی جاری رکھنے کا عندیہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ مقامی افراد کی جانب سے جہاں کہیں بھی سرکاری اراضی پر قبضہ کیا گیا ہے اسے بازیاب کر کے ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو سونپا جائے گا۔