بجبہاڑہ کے کئی علاقوں کے جانوروں میں آج کل ایک عجیب قسم کی بیماری پھیل رہی ہے، جسے (Foot-and-mouth disease virus) کہا جاتا ہے۔ اس بیماری سے بجبہاڑہ کے ساتھ ساتھ سرہامہ، اور کسناڈ نامی علاقوں کے مویشی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔
اس تعلق سے جب ای ٹی وی بھارت نے مقامی لوگوں سے بات کی تو انہوں نے کہا کہ 'اس بیماری سے ان میں تشویش کی لہر ہے اور علاقے میں کئی دنوں سے مسلسل مویشیوں کی جان جا رہی ہے۔ علاقے کے لوگوں نے کہا کہ 'ہم مال مویشیوں سے ہی اپنا روزگار حاصل کرتے ہیں، اور اسی سے اپنے کمبے کو دو وقت کی روٹی کھلا پاتے ہیں'۔
انہوں نے کہا کہ 'اس بیماری سے اپنے جانوروں کو نجات دلانے کے لئے ہم نے کئی بار محکمہ مویشی پروری کا رخ کیا، لیکن وہاں پر تالا لگا ہوتا ہے۔ اس تعلق سے جب ای ٹی وی بھارت کے نمائدہ نے ڈاکٹر فیاض عبداللہ بلاک ویٹنری آفیسر (بی وی او) سے بات کی تو انہوں نے کہا کہ 'انفیکشن ابتدائی مرحلے میں ہے اور جانوروں میں ہی پھیل رہا ہے'۔
انہوں نے کہا کہ 'متعلقہ ویٹنری آفیسر اس بیماری سے نپٹنے کے لئے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں لوگوں کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے'۔ انہوں نے کہا کہ 'لوگ کسی بھی وقت انہیں جانوروں کی بابت پوچھنے کے لیے فون کرسکتے ہیں'۔انہوں نے مزید کہا کہ 'متاثرہ جانوروں کو صحت مند جانوروں سے الگ رکھیں، بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے جانوروں کی نقل و حرکت پر پابندی لگائیں'۔