اننت ناگ (جموں کشمیر): مرکزی سرکار کی معاونت والی اسکیموں سے یوٹی جموں کشمیر میں بھی سڑکوں کا جال بچھایا جا رہا ہے۔ جموں کشمیر کے متعدد علاقوں میں سڑکوں کی میگڈمائزیشن کی بھی جبکہ بعض علاقوں میں کشادگی بھی عمل میں لائی گئی۔ تاہم جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں آج کے اس دور میں بھی کئی ایسے علاقے ہیں جو سرکار کی نظروں سے اوجھل ہیں۔
اننت ناگ ضلع ہیڈکوارٹر سے محض 3 کلومیٹر کی دوری پر واقع بونہ دیالگام - براکپورہ سڑک کی حالت انتہائی خستہ ہو چکی ہے۔ گزشتہ دو برسوں سے سڑک کی کوئی مرمت نہیں کی گئی ہے اور سڑک کی حالت کافی نا گفتہ بہ ہونے کی وجہ سے اس پر بڑے اور گہرے گڑھے بن گئے ہیں، جس کی وجہ سے رابطہ سڑک پر سفر کرنا خطرے سے خالی نہیں۔ معمولی بارشیں ہونے کے بعد سڑک پر کافی پانی جمع ہو جاتا ہے، جس دوران ٹرانسپورٹرز، راہگیروں کو سڑک پر سفر کرنے میں کافی دشواریاں آتی ہیں۔
سڑک کے آس پاس ڈرینیج سسٹم کا بھی بندوبست نہ ہونے کے سبب نشیبی علاقوں میں معمولی بارشوں کے دوران سیلابی صورتحال پیدا ہو جاتی ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ ناکارہ ڈرینیج کے باعث سڑک کی مرمت کا کام کبھی کیا بھی جاتا ہے تو وہ محض ایک یا دو ماہ میں اکھڑ جاتا ہے کیونکہ سڑک کے دونوں طرف کوئی بھی پروٹیکشن بنڈ تعمیر نہیں کیا گیا ہے، نتیجتاً سڑک کی مرمت کے لیے جتنی بھی رقم خرچ کی جاتی وہ سارے ضائع ہو جاتی ہے۔
اس سڑک پر ٹریفک کا بہت زیادہ رش رہتا ہے اور علاقہ اچھہ بل اور اننت ناگ کے بیشتر اسکولی گاڑیوں کا گزر اسی سڑک سے ہوتا ہے اور کئی بار گاڑیوں کے پھنس جانے سے طلبہ کو وہاں پر گھنٹوں انتظار کرنا پڑتا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ ’’اب جب اسکول انتظامیہ کو بھی سڑک کی مرمت کے حوالے سے امید ہی ختم ہوگئی تو انہوں نے بھی اس روٹ کو ہی منسوخ کر دیا۔ ہمارے بچوں کو اس راستے سے خالی 2 کلو میٹر سے 3 کلومیٹر کا اسکول تک کا سفر طے کرنا پڑتا تھا اب انکو اننت ناگ قصبے سے گزر کر جانا پڑتا ہے جہاں سے ان کے قریب دو گھنٹے ضائع ہو جاتے ہیں۔‘‘
مزید پڑھیں: People Demand widening of Taqia Maqsood Shah Link Road: ’تکیہ مقصود شاہ رابطہ سڑک کو کشادہ کیا جائے‘
مقامی باشندوں کا دعویٰ ہے کہ سڑک اس قدر خستہ ہو چکی ہے کہ اس پر روزانہ کم از کم درجن کے قریب گاڑیاں پھنس جاتی ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے اب اس پر سفر کرنا خطرے سے خالی نہیں ہے۔ لوگوں کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے یہ مسئلہ کئی بار متعلقہ محکمہ کی نوٹس میں لایا اس کے باوجود بھی اس کا ازالہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ سے معاملہ کی جانب توجہ دے کر مسئلہ کا ازالہ کرنے کی اپیل کی ہے اور اس سڑک کی تعمیر نو کا کام شروع کرنے سے پہلے دونوں اطراف سے ایک پروٹیکشن بنڈ تعمیر کیا جائے تبھی اس سڑک کی مرمت کا کام محفوظ رہے گا۔ دوسری جانب ڈپٹی کمشنر اننت ناگ نے نمائندے کو یقین دلایا کہ سڑک پر تارکول بچھانے کا کام جلد عمل میں لایا جائے گا۔