جموں و کشمیر کے بیشتر اضلاع میں ہفتہ کو ضلع ترقیاتی کونسل (ڈی ڈی سی) انتخابات کے آٹھویں مرحلے کے تحت ووٹنگ کا عمل مکمل ہو گیا۔
ضلع اننت ناگ کے بجبہاڑہ حلقے سے ڈی ڈی سی انتخابات کے لیے بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوار لطیف خان نے بھاجپا کی جیت کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ مقامی پارٹیوں بشمول پی ڈی پی و این سی کا دور ختم ہو چکا ہے۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے انہوں نے دفعہ 370کی منسوخی کے حوالے سے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی اور نیشنل کانفرنس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہی خصوصی حیثیت کو کھوکھلا کیا تھا۔ شرائن بورڈ کو زمین دینے سمیت موبائل ٹاورز کی تنصیب پر بات کرتے ہوئے لطیف خان نے کہا کہ ’’ان ہی پارٹیوں نے دفعہ 370کی روح کو کھوکھلا بنایا تھا۔‘‘
انہوں نے ترنگا لہرانے کے حوالے سے محبوبہ مفتی کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں بھارتیہ جنتا پارٹی اور ترنگا لہرانے والے لاکھوں افراد موجود ہیں۔
مزید پڑھیں؛ جنوبی کشمیر میں انٹرنیٹ خدمات معطل
حلقہ بجبہاڑہ کے سریگفوارہ میں پل کی تعمیر سے متعلق انہوں نے کہا کہ کئی پارٹیوں کے ارکان اسمبلی آئے اور گئے، تاہم پل کی تعمیر کے حوالے سے عوام کی دیرینہ مانگ کو صرف بی جے پی نے ہی پورا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ڈی ڈی سی انتخابات میں بی جے پی واضح طور پر جیت حاصل کرے گی اور پارٹی کے ممبران سابقہ پارٹیوں کی مانند ذاتی نہیں بلکہ عوامی مفاد کے لیے کام کریں گے۔
مزید پڑھیں: ڈی ڈی سی انتخابات: آخری مرحلے پر ایک نظر
قابل ذکر ہے کہ بجبہاڑہ بلاک میں ووٹروں کی کل تعداد 44499 ہے، جن کے لئے مختلف مقامات پر کئی پولنگ مراکز قائم کیے گئے تھے جبکہ انتخابات کو پرامن طریقہ سے انجام دینے کے لئے پولنگ مراکز کے آس پاس سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔