اننت ناگ: دنیا بھر میں جسمانی طور ناخیز افراد کے لیے مختلف اسکیمیں عمل میں لائی جا رہی ہیں اور ایسے افراد کی باز آباد کاری کے لئے مختلف پروگرامز منعقد کئے جاتے ہیں، تاکہ ایسے افراد کی زندگی آسان ہو اور وہ خود روز گار کمانے کے اہل بن سکیں، ایسے افراد کو اکثر بیشتر طبی مشاورت، آلات اور ادویات کی فراہمی کی ضرورت پڑتی ہے۔ یو ٹی جموں کشمیر میں حکومتی سطح کے ساتھ ساتھ نجی ادارے، این جی اوز بھی اس ضمن میں اپنی خدمات بروئے کار لاتے ہوئے۔
جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع کے کھنہ بل علاقے میں فوج اور ’’بی ایم وی ایس ایس، جے پور‘‘ نامی ایک غیر سرکاری تنظیم کے اشتراک سے جسمانی طور کمزور افراد کے لیے ’’خود مختار کشمیر‘‘ کے عنوان سے تین روزہ پروگرام منعقد کیا گیا۔ یہ پروگرام فوج کی جانب سے جسمانی طور خاص اور ضرورتمند افراد کو مدد فراہم کرنے اور انہیں با اختیار بنائے جانے کی ایک پہل ہے۔ اس 3 روزہ پروگرام میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور پروگرام کے دوران فراہم کی جانے والی خدامات سے مستفید ہوئی۔ خصوصی طور پر معذور افراد کو مفت طبی مشاورت، آلات سماعت اور ادویات فراہم کی گئیں اور خواتین اور بچوں سمیت معذور افراد کو مصنوعی اعضاء بھی فراہم کیے گئے۔
پروگرام سے مستفید ہوئے ایک مقامی باشندے ریاض احمد نے بتایا کہ جسمانی طور کمزور افراد کو اس طرح کے مصنوعی آلات بنانے کے لئے بیرون ریاستوں کا رخ کرنا پڑتا تھا جس سے جسمانی طور کمزور افراد کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا اور بعض افراد یہ خرچہ برداشت نہیں کر پاتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے کیمپ منعقد کرنے سے جسمانی طور ناخیز افراد کو کافی راحت ملی ہے۔
ایک اور مقامی شہری اعجاز احمد نے بتایا کہ وہ پیشہ سے ڈرائیور ہے اور حادثہ میں ان کی ایک ٹانگ کٹ گئی جس کے بعد ان کی زندگی مشکلات سے گھر گئی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اس کیمپ سے مستفید ہوئے اور مصنوعی ٹانگ لگوانے کا پانچ لاکھ روپے کا خرچہ بھی بچ گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مصنوعی ٹانگ کی بدولت وہ پھر سے کام کر پائیں گے اور کسی کے سامنے ہاتھ پھیلانے کی نوبت نہیں آئے گی۔
مزید پڑھیں: Artificial Limbs Distributed in Kulgam جسمانی معذور افراد میں مصنوعی اعضاء کی تقسیم
کیمپ انچارج لطیف احمد نے دعویٰ کیا کہ اس کیمپ سے جسمانی طور کمزور سینکڑوں افراد مستفید ہوئے۔ ادارے کے حوالہ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ این جی او 1975 میں وجود میں آئی جو ہندوستان بھر میں جسمانی طور کمزور افراد کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی کوششیں کر رہی ہے۔ اور اب کشمیر میں بھی اپنی خدمات انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس پروگرام کا مقصد جسمانی طور کمزور فرد کو با اختیار بنانا ہے۔ انہوں نے مستقبل میں بھی اس طرح کے پروگرامز جاری رکھے جانے کی یقین دہانی کی۔