اننت ناگ: جموں کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے حلقہ انتخاب بجبہاڑہ کھرم علاقے کی درگاہ میں معراج العالم کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ہے۔ جب کہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے بھی معراج العالم کی تقریبات کے سلسلے میں ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد کیا گیا تھا، جس میں ضلع کے تمام درگاہوں خانقاہوں میں پانی بجلی اور صفائی ستھرائی کے حوالے سے متعلقہ محکموں کو ہدایت جاری کیے گئے تھے کہ وہ اُن تمام زیارت گاہوں پر سہولیات کو یقینی بنائیں۔
معراج العالم کی تقریبات کے سلسلے میں حلقہ انتخاب بجبہاڑہ میں قائم زیارت شریف کھرم کی طرف جانے والی تمام شاہراوں کے ساتھ ساتھ علاقے میں قائم درگاہ پر بھی صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا گیا، جب کہ وقف بورڈ کی جانب سے مذکورہ درگاہ پر چراغاں بھی کیا گیا۔ درگاہ پر آنے والے زائرین کے لئے تقریباً تمام سہولیات یقینی بنائے گیا تھا۔
وقف کے ایڈمنسٹریٹر فیاض احمد نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ درگاہ کو چند ماہ قبل ہی وقف بورڈ نے اسے اپنی تحویل میں لیا ہے، انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے یہاں زائرین کے لئے کچھ خاص انتظامات نہیں کیے جاتے تھے، ان کے مطابق خاص موقعوں کے چلتے مذکورہ درگاہ پر چراغاں بھی نہیں کیا جاتا تھا، انہوں نے کہا کہ زائرین کو خدمات ہم پہنچانے کے حوالے سے ہم متحرک ہیں، فیاض احمد کا کہنا ہے کہ مذکورہ درگاہ پر تقریباً وادی کے ہر ضلع سے تعلق رکھنے والے زائرین اپنی حاضری دینے آتے ہیں اور یہاں سے موئے مبارک کی زیارت کر کے فیضیاب ہوتے ہیں۔
ایڈمنسٹریٹر کا مزید کہنا تھا کہ کل حسبِ معمول فجر، ظہر اور عصر کی نمازوں کے بعد زائرین کو موئے مقدس کی زیارت کروائی جائے گی، جبکہ شب معراج کی رات بھر درود اذکار کی محفل آراستہ کی گئی تھی۔ ایڈمنسٹریٹر نے درگاہ آنے والے تمام زائرین سے گزارش کی ہے کہ وہ اس پاک جگہ پر نظم و ضبط کا خاص خیال رکھیں۔
حالانکہ اس ضمن میں ضلع کے ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر بشارت قیوم کی سربراہی میں تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ہے، جبکہ علاقے میں بجلی کی بلا خلل فراہمی اور تمام جگہوں پر اسٹریٹ لائٹس کے کام کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی گئی تھی، دوسری جانب دیہی علاقوں میں محکمہ دیہی ترقی کے بی ڈی اوز اور ٹاؤن کے حدود میں آنے والے تمام ای اوز کو ہدایت جاری کی گئی تھی کہ ضلع کے تمام درگاہوں خانقاہوں کے ساتھ ساتھ مختلف مساجدوں کے ہر و نواح میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ضلع اننت ناگ کے متعلقہ میونسپل کمیٹیوں کے ای اوز کو ہدایت کی کہ وہ صفائی کی خصوصی مہم چلائیں اور کوڑا کرکٹ اور دیگر کچرے کو سائنسی بنیادوں پر ٹھکانہ لگانے کے لیے فعال اقدامات شروع کریں ۔اور تمام علاقوں میں صفائی کا مناسب انتظام کریں۔
محکمہ صحت کے عملہ کو تمام ذیلی مراکز پر عملہ اور ایمبولینسز کی دستیابی کو یقینی بنانے اور مقررہ جگہوں پر بہتر طبی امداد کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی۔ میٹنگ میں محکمہ امور صارفین کے افسران کو بھی ہدایت جاری کئے تھے کہ وہ غذائی اجناس کی بروقت فراہمی اور تقسیم کو یقینی بنانے کے علاوہ عام لوگوں کو اشیائے ضروریہ کی دستیابی کو بھی یقینی بنائیں۔