اننت ناگ:ضلع اننت ناگ کا ایک نوجوان جو کچھ روز قبل سڑک حادثے میں زخمی ہوا تھا، ہفتہ کو سکمز صورہ ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا متوفی کی شناخت ضلع اننت ناگ کے کوکرناگ بندو علاقہ کے رہنے والے نوید گلزار ڈار ولد گلزار احمد ڈار کے طور پر ہوئی ہے۔ بتادیں کہ نوید چند روز قبل اچھہ بل علاقہ میں سڑک حادثہ میں شدید طور پر زخمی ہوا تھا جسے فوری طور پر مقامی ہسپتال منتقل گیا تھا، تاہم نازک حالت کو دیکھتے ہوئے نوید کو سرینگر کے صورہ سکمز منتقل کیا تھا، جہاں اس کا علاج و معالجہ جاری تھا۔
کئی روز تک زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد ہفتہ کے روز نوید نے اسکمز میں زندگی کی آخری سانس لی۔ تمام قانونی اور طبی کارروائیوں کے بعد لاش لواحقین کے حوالے کر دی گئی ہے اور مزید کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔نوید کی لاش جوں ہی اس کے آبائی علاقہ پہنچائی گئی تو وہاں پر ماتم کی لہر دوڑ گئی اور اسے آبائی قبرستان میں نم آنکھوں سے سپر خاک کیا گیا۔
ادھر شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع کے سوپور علاقے میں ہفتہ کو ایک سڑک حادثے میں ڈرائیور سمیت دو افراد زخمی ہو گئے۔ذرائع کے مطابق ہفتہ کے روز نیو کالونی امرگڑھ سوپور میں ڈرائیور سمیت دو افراد اس وقت زخمی ہوئے جب ان کی گاڑی ایک رہائشی مکان کی دیوار سے ٹکرا گئی۔زخمیوں کو علاج و معالجہ کے لیے ایس ڈی ایچ سوپور منتقل کیا گیا۔
مزید پڑھیں:Bus Truck Collision in Ayodhya لکھنؤ گورکھپور ہائی وے پر حادثہ، سات افراد ہلاک، 40 سے زائد زخمی