راتوں رات سبزی اور مرغ کی قیمتوں میں اضافہ کرنے پر لوگوں نے سخت برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقدس ماہ میں بھی ناجائز منافع خور اور خود غر ض عناصر سادہ لوح عوام کو لوٹنے میں مصروف ہیں۔
ماہ مبارک شروع ہونے سے قبل ضلع اننت ناگ کے بازاروں میں مرغ، سبزیوں اور میوہ جات کے دام جو تھے راتوں رات ان نرخوں میں یکایک اضافہ کردیا گیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق مارکیٹ میں ٹماٹر جو ماہ مبارک کے صرف ایک دن پہلے 25 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کیا جا رہا تھا آج 40 روپے فی کلو کے حساب سے مارکیٹ میں دستیاب ہے۔ پالک، ساگ، مولی اور گاجر کے دام بھی اسی طرح بڑھائے گئے ہیں جبکہ مرغ 90 روپے سے 100 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت ہو رہا تھا۔ ماہ مبارک شروع ہوتے ہی اس کے دام میں بھی پَر لگ گئے اور مرغ فروشوں نے اس کی قیمت 130 روپے کر دیا ۔
اسی طرح کیلے بازاروں میں 70 روپے سے 80 روپے فی درجن کے حساب سے فروخت کیے جارہے تھے آج 100 روپے میں بک رہے ہیں۔
اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں یکایک اضافہ پر عوامی حلقوں نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس مقدس ماہ سے ایک طرف سے کورونا وائرس کے پیش نظر لوگ سخت ذہنی دباﺅ میں مبتلا ہیں تو دوسری طرف ناجائز منافع خوروں نے عام لوگوں کی قوت خریداری ہی ختم کردی ہے۔ کیوں کہ ایسے دکانداروں کی جانب سے راتو رات نرخوں میں اضافہ کیا جارہا ہے اور اس کےلئے ان سے کوئی کچھ پوچھنے والا بھی نہیں ہے۔