وادی میں بھاری برفباری کی وجہ سے بجلی کا نظام خستہ ہو گیا ہے۔ ضلع اننت ناگ کے حلقہ انتخاب بجبہاڑہ کے آنگ مٹی پورہ میں بھی بجلی کا نظام درہم برہم ہے۔ بجلی کی نامناسب سپلائی اور غیر شیڈیول تخفیف سے لوگوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
مقامی لوگوں کے مطابق ہر ماہ بجلی بلز کی ادائیگی کے باوجود انہیں بجلی کی مناسب سپلائی نہیں مل پاتی ہے جس سے نہ صرف روز مرہ کی زندگی میں مشکلات پیدا ہورہی ہیں بلکہ بچوں کی تعلیم بھی کافی حد تک متاثر ہو رہی ہے۔
دوسری جانب عوام نے محکمہ بجلی کے خلاف شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کی عدم دستیابی کا مسئلہ پیچیدہ بن گیا ہے جس کو کوئی بھی حکومت حل کرنے میں کامیاب نہیں ہوپارہی ہے۔
اس معاملے میں جب ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے محکمہ بجلی کے اسسٹنٹ ایگزیکیٹیو انجینئر نثار احمد سے فون پر رابطہ کیا، تو اُنہوں نے کہا کہ 'یہ بات سچ ہے کہ علاقہ میں بجلی کا شِڈیول درہم برہم ہو چکا ہے جس کے باعث مذکورہ علاقہ کو چوبیس گھنٹوں میں محض آٹھ گھنٹے ہی بجلی فراہم کی جاتی ہے'۔
اُنہوں نے کہا کہ 'آکورہ گریڈ اسٹیشن میں ٹرانسفارمرس کی مقدار کم ہونے کے باعث علاقہ میں بجلی شیڈیول پر اثر پڑتا ہے، جس کو بدلنے کی ضرورت ہے۔ ہم نے پہلے ہی محکمہ کو اس حوالے سے باور کیا ہے کہ آکورہ کے گرڈ اسٹیشن میں ٹرانسفارمرس کو بدلنے کی ضرورت ہے'۔
یہ بھی پڑھیے
اننت ناگ میں سڑک حادثہ، دو ہلاک، تین زخمی
نثار احمد نے کہا کہ جوں ہی محکمہ کی جانب سے ٹرانسفارمرس واگزار کئے جائیں گے، ہم جلد ہی آکورہ کے گرڈ اسٹیشن میں نئے ٹرانسفارمرس نصب کریں گے، جس سے مذکورہ علاقہ کی مشکلات کا ازالہ ہو جائے گا۔