جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے ناگم، کوکرناگ علاقے میں ایک غیر سرکاری تنظیم ’’سخی ون اسٹاف سینٹر‘‘ کی جانب سے خواتین کے لیے ایک خصوصی آگہی پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔
آگہی پروگرام میں مقررین نے خواتین پر ہورہے تشدد اور زیادتیوں کے حوالے سے پروگرام میں آئی خواتین کو ایسے مسائل سے نمٹنے کے لیے سرکار کی جانب سے وضع کیے گئے قوانین اور دیگر سہولیات سے متعلق آگاہ کیا۔
مقررین نے جنسی زیادتی، جہیز (دہیج) اور گھریلو تشدد سے متعلق روشنی ڈالتے ہوئے خواتین کو باخبر کیا کہ اس طرح کے معاملات سے نمٹنے کے لیے سرکار کی جانب سے خصوصی ادارے اور افراد متعین کیے گئے ہیں، جو خواتین کی ہر طرح کی مدد کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
انہوں نے خواتین کو اس طرح کے معاملات پیش آنے کی صورت میں خاموش رہنے کے بجائے متعلقہ اداروں سے مدد طلب کرنے کی اپیل کی۔
مزید پڑھیں: ہمارا بیٹا بے قصور تھا، ہمیں انصاف چاہیے
کوکرناگ: ناگ پتی، ساگم کے لوگ طبی سہولیات سے محروم
مقررین نے مزید کہا کہ اس طرح کے مسائل سے نمٹنے کے لیے خواتین کو قانونی و دیگر سبھی طرح کی سہولیات مفت فراہم کی جاتی ہیں۔
پروگرام میں پولیس فیسلٹیشن آفیسر، تحصیل سوشل ویلفیئر آفیسر، سی ڈی پی او برنگ کے علاوہ کئی کونسلرز بھی موجود تھے۔ وہیں جانکاری کیمپ میں مقامی لوگوں خاص کر خواتین اور آنگن واڑی ورکرز اور ہیلپرز کی خاصی تعداد نے بھی شرکت کی۔