قدرتی خوبصورتی سے مالا مال ضلع اننت ناگ کے بدہاڑ، کوکرناگ علاقے میں کئی قدرتی چشمے موجود ہیں، جس سے یہاں کے لوگ پانی کی ضرورت کو پورا کرتے ہیں مگر ستم ظریفی یہ کہ قدرت کے ان انمول تحائف کو تحفظ فراہم کرنے میں ضلع انتظامیہ بے حسی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔
مقامی لوگوں نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کے لوگ قدرتی چشموں سے ہی پانی کی روز مرہ کی ضرورت کو پورا کرتے ہیں، تاہم انکے مطابق چشموں کی حفاظت کے لیے انتظامیہ کی جانب سے خاطر خواہ انتظامات نہیں اٹھائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چشموں سے خارج ہونے والا صاف پانی رابطہ سڑک پر آجاتا ہے، جس کے نتیجے میں رابطہ سڑک بھی خستہ حالی کی شکار ہوئی ہے اور متعلقہ محکمہ نے ان چشموں کو تحفظ فراہم کرنے کا کوئی اقدام نہیں اٹھایا اور نہ ہی رابطہ سڑک کے کناروں پر ڈرینیج نظام قائم کیا ہے جس کے باعث سڑک بھی مختلف مقامات پر خستہ حال ہو چکی ہے۔
ای ٹی وی بھارت نے یہ معاملہ محکمہ دیہی و ترقی کے اسسٹنٹ ڈیولپمینٹ کمشنر کی نوٹس میں لایا تو انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ان قدرتی چشموں کا خیال رکھنے، ان کی مرمت کے حوالے سے حکمانامہ جاری کیا ہے اور رواں مالی برس چشموں کی حفاظت اور ضروری مرمت کی جائے گی۔
جنت بے نظیر وادی کشمیر کو قدرت نے نہ صرف بے انتہا خوبصورتی سے نوازا ہے بلکہ یہاں کی سرزمین کو قدرتی خزانوں سے بھی مالا مال کیا ہے۔ جن میں برف پوش پہاڑ، ندی نالے، جھرنے، یہاں کا موسم اور قدرتی چشمے قابل ذکر ہیں۔ تاہم ان قدرتی تحائف کی قدر اور حفاظت کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔