اننت ناگ کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کلدیپ کمار سدھا نے پریس کانفرنس کے دوران ان باتوں کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا متاثرہ حاملہ خواتین کو ضلع میں ہی زچگی کے دوران ہر سہولیات پہنچانے کے لیے یہ اقدام اٹھائے گئے ہیں۔
حاملہ خواتین کے کورونا متاثرہ ہونے اور انہیں بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی غرض سے اب ضلع انتظامیہ اننت ناگ نے سرنل علاقے میں واقع ایک مشینری ہسپتال، جان بشپ میموریل ہسپتال کو کووڈ میٹرنٹی ہسپتال میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کلدیپ کمار سدھا نے مزید کہا کہ 'ضلع میں کورونا وائرس کے پیش نظر اب ماسک پہننا ہر شخص کے لیے لازمی ہوگا جبکہ نجی نرسنگ ہومز کو بھی موجودہ صورتحال میں اپنی خدمات وقف کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریڈ زون علاقے کے لوگوں کو اب پہلے سے زیادہ احتیاط برتنے کی ضرورت ہے جبکہ کورونا کی زد میں آئے افراد کو گھروں کے اندر ہی رہنے کو ترجیح دینی ہوگی جبکہ ضلع انتظامیہ انکی ہر چھوٹی بڑی ضروریات کا خیال رکھے گی۔
واضح رہے کہ ضلع اننت ناگ میں کورونا کے تازہ معاملات میں کئی ڈاکٹر اور طبی عملے کے افراد کے شامل ہونے سے تشویش کی لہر دوڈ گئی ہے۔