ضلع اننت ناگ کے قصبہ اچھہ بل میں آج منسیپل کمیٹی کے صدر و نائب صدر کے انتخابات منعقد کرائے گئے۔ اس موقع پر بی ڈی او اچھہ بل ارشد احمد، ایگزیکیٹیو آفیسر میونسیپل کمیٹی اچھہ بل عبد المجید حاجی، بی ڈی سی نائب چیئرمین محمد مقبول، اور سمیر احمد نجار بی وائی جے ایم صدر اننت ناگ، کونسلرز اور مقامی لوگ بھی موجود تھے۔
انتخبات کے بعد نتائج کا اعلان کیا گیا۔ جس میں امتیاز احمد نجار بحثیت صدر منتخب ہوئے اور محمد مقبول ماگرے نائب صدر منتخب ہوئے۔ شرکاء نے نومنتخب صدر کے ساتھ ساتھ نائب صدر کو مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ ان کی مدد سے تمام مطالبات پورے ہوں گے اور تمام ترقیاتی کاموں کی فہرست بنائی جائے گی اور جلد از جلد کام انجام دیئے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیے
سوپور انکاؤنٹر: عسکری تنظیم البدر کا چیف ہلاک
اس موقع پر نو منتخب صدر امتیاز احمد اور نائب صدر محمد مقبول ماگرے نے کہا 'ہم اچھہ بل علاقے کی تعمیر وترقی کے لیے کام کریں گے اور لوگوں کی خدمت کے لیے ہمیشہ دستیاب رہیں گے۔ اچھہ بل ایک تاریخی سیاحتی مقام ہونے کے باوجود بھی تعمیر وترقی کے لحاظ سے بہت پیچھے ہے۔ ہم نیا اور صاف ستھرا اچھہ بل بنانے کے لیے پیش پیش رہیں گے، مگر اس کے لیے ہمیں عوام کے تعاون کی ضرورت ہے، ہم پر امید ہیں کہ اچھہ بل کی تعمیر وترقی کے لیے لوگ ہمارا بھرپور تعاون کریں گے'۔