بڈرو، پہلگام علاقے کے شیخ محلہ کے رہائشیوں نے منگل کو احتجاج کرتے ہوئے محکمہ جل شکتی سمیت ضلع انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔
احتجاج کر رہے مرد و زن نے علاقے میں پینے کا صاف پانی فراہم نہ کیے جانے پر محکمہ جل شکتی کے تئیں سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ علاقے میں کئی سال قبل فلٹریشن پلانٹ نصب کیے جانے کے باوجود انہیں گندا پانی سپلائی کیا جا رہا ہے جس کے سبب علاقے میں وبائی امراض پھوٹ پڑنے کے امکانات ہیں۔
مقامی باشندوں کے مطابق قریب 12 سال قبل علاقے میں فلٹریشن پلانٹ قائم کیا تھا تاہم فلٹریشن پلانٹ کو فعال بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات نہیں اٹھائے گئے جس کے باعث کثیر آبادی کو نالے کا آلودہ پانی استعمال کرنا پڑ رہا ہے۔
احتجاج کر رہے لوگوں نے بتایا کہ آلودہ پانی پینے کی وجہ سے مقامی باشندے خصوصا بچے بیمار ہو جاتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے ’’متعدد مرتبہ محکمہ جل شکتی کو اس بارے میں آگاہ کیا گیا تاہم محکمہ کی جانب سے عوام کو صاف پانی مہیا کرانے کے لیے ٹھوس اور سنجیدہ اقدامات نہیں اٹھائے جا رہے۔‘‘
مزید پڑھیں:
Water Crisis: اننت ناگ کے چیرپورہ گاؤں میں پانی کی قلت سے عوام پریشان
انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ فلٹریشن پلانٹ کو برائے نام اور سرکار سے رقم اینٹھنے کے لیے تعمیر کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں گندا اور بغیر فلٹر پانی سپلائی کیے جانے سے مقامی لوگ بے پناہ مشکلات کا شکار ہو رہے ہیں۔
احتجاج کر رہے لوگوں نے انتظامیہ سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کثیر آبادی کو صاف پانی مہیا کرانے کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھائے جانے کی گزارش کی۔