اننت ناگ: بھارتی بحریہ کے سربراہ ایڈمرل آر ہری کمار نے امرناتھ گپھا کا دورہ کرتے ہوئے شیو لنگ کا درشن کیا۔ ایڈمرل آر ہری کمار نے شیو لنگم کا درشن کرنے اور ماتھا ٹیکنے کے بعد یاترا کی حفاظت پر مامور سیکورٹی ایجنسیوں کے افسران سے ملاقات کی۔ اس دوران انہوں نے سکیورٹی ایجنسیوں کے اعلیٰ افسران کو بریفنگ دی اور انہیں جاری یاترا کے لیے حفاظتی انتظامات کے بارے میں اپنے تاثرات پیش کیے۔
یکم جولائی کو یاترا شروع ہونے کے بعد سے یہ کسی اعلیٰ ترین سیکورٹی افسر کا امرناتھ گپھا کا پہلا دورہ ہے۔ اپنے دورے کے دوران بھارتی بحریہ کے سربراہ نے یاترا کے پُرامن انعقاد کے لیے کام کرنے کے لیے فوج، فضائیہ، سینٹرل آرمڈ پولیس فورسز (سی اے پی ایف)، جموں و کشمیر پولیس، ڈیزاسٹر منیجمنٹ اور امدادی کاروائی سے متعلق مختلف ایجنسیوں سمیت سیکورٹی فورسز کے درمیان باہمی تعاون اور تعلقات کی ستائش کی۔
بحریہ کے سربراہ نے سول انتظامیہ اور سیکورٹی ایجنسیوں کے مل کر کشمیر میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر عوام کے لئے کام کرنے کی بھی سراہنا کی۔ واضح رہے کہ بھارتی بحریہ کے سربراہ کا رواں سال کشمیر کا یہ دوسرا دورہ ہے۔ جون میں اپنے پہلے کشمیر کے دورے میں ایڈمرل کمار نے شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں بحریہ کے ڈٹیچمنٹ کا دورہ کیا تھا اور میرین کمانڈوز سے مالاقات کرکے ڈٹیچمنٹ کے کام کاج کا جائزہ لیا تھا۔
واضح رہے کہ بحریہ کے پاس سمندر، زمین اور فضا میں کام کرنے کی صلاحیتیں ہیں، جس کی مثال ملک کی کسی بھی دوسری خصوصی افواج میں نہیں ملتی۔ جی ٹونٹی G20 اجلاس سے قبل میرین کمانڈوز (MARCOS) کی کئی ٹیمیں سرینگر میں تعینات کی گئیں تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: Health Advisory for Amarnath Yatries: امرناتھ یاتریوں کے لیے ضروری طبی ایڈوائزری جاری