اننت ناگ: وزیر مملکت برائے داخلہ نے بدھ کو پارلیمنٹ کو بتایا کہ سالانہ امرناتھ یاترا کے دوران 19 جولائی 2022 تک مختلف قدرتی وجوہات کی وجہ سے تقریباً 42 یاتریوں کی موت ہوئی ہے۔ راجیہ سبھا میں ایک سوال کے تحریری جواب میں، وزارت داخلہ مملکتی وزیر نتیانند رائے نے امرناتھ یاترا 2022 کے دوران ہوئے جانی نقصان کے بارے میں تفصیلی جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ رواں برس 19 جولائی تک 42 یاتریوں کی موت واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2020 اور 2021 میں شری امرناتھ یاترا کا انعقاد کووڈ 19 وبائی امراض کی وجہ سے نہیں کیا گیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے یاتریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مختلف اقدامات کیے ہیں جیسے کہ ہیلتھ سرٹیفکیٹ کو لازمی قرار دیا گیا گیا ہے، آکسیجن بوتھس کی تنصیب، یاترا کے راستے کے مختلف مقامات پر ہسپتالوں کا قیام، آر ایف آئی ڈی، ریڈیو فریکوئنسی کے ذریعہ یاتریوں کی نگرانی، آٹومیٹک ویدر سٹیشنز کی تنصیب، ان جدید آلات کے ذریعہ یاتریوں کی خیر خبر، صحت اور موسم سے متعلق مشورے اور جانکاری فراہم کی جاتی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ سطح سمندر سے 3888 میٹرز کی بلندی پر واقع ایک پہاڑی غار میں گرما کے دوران بننے والی ایک برفانی شبیہ کو شیولنگ سے منسوب کیا جاتا ہے جس کی ہندو عقیدت مند پوجا کرتے ہیں۔ امرناتھ یاتریوں کے لیے اس سال آن لائن ہیلی کاپٹر بکنگ سروس بھی شروع کی گئی ہے۔ 43 دنوں تک جاری رہنے والی یاترا 11 اگست کو ختم ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں :