ترال: مرکز کے زیر انتظام خطہ جموں و کشمیر کی سیاسی جماعت نیشنل کانفرنس کے سرکردہ لیڈر اور ترال کے سابق رکن اسمبلی مرحوم محمد سبحان بٹ کی31 ویں برسی کے موقعے پر نیشنل کانفرنس کے رہنماؤں اور کارکنان نے انھیں خراج عقیدت پیش کیا اور مرحوم کی سماجی خدمات کو سلام پیش کیا ہے۔ سابق رکن اسمبلی کی برسی کے موقعے پر آج نیشنل کانفرنس کے رہنماؤں نے ان کے خدمات کو یاد کرتے ہوئے کاموں کی ستائش کی اور ان کے حق میں دعائے مغفرت کی۔ اپنے ایک بیان میں نیشنل کانفرنس کے انچارج حلقہ ترال اور مرحوم محمد سبحان بٹ کے فرزند ڈاکٹر غلام نبی بٹ نے پارٹی سے وابستہ کارکنان پر زور دیا کہ وہ نیشنل کانفرنس کے عوام دوست ایجنڈے کو گھر گھر پہنچائیں۔
مزید پڑھیں: نیشنل کانفرنس کے رہنما کی برسی
اس موقعے پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بی جے پی قیادت پر الزام عائد کیا کہ محض اقتدار کو حا صل کرنے کے لیے انہوں نے جموں وکشمیر کی تاریخی شناخت ختم کر دی۔ غلام نبی بٹ نے الزام لگایا کہ کشمیر میں فرقہ پرست طاقتوں کے عزائم بڑھ گئے ہیں اور عوام کو ہر سطح پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ترال کے علاوہ سرینگر میں بھی مرحوم محمد سبحان بٹ کے حق میں قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا گیا جس میں مرحوم کے فرزند اکبر محمد اشرف بٹ نے بھی اپنے والد مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا۔ واضح رہے کہ مرحوم محمد سبحان بٹ کو آج سے اکتیس برس قبل عسکریت پسندوں نے اس وقت ہلاک کیا تھا جب وہ نزدیکی مسجد میں نماز ادا کرنے جا رہے تھے۔