دنیا کے چوتھے نمبر کے کھلاڑی آسٹریا کے ڈومینک تھیم نے جمعہ کو اسپین کے جومے مونیر کو 6-7، 6-3، 6-4 سے شکست دے کر ریو اوپن کوارٹر فائنل میں کوالیفائی کر لیا۔
برازیل کے ریو ڈی جینرو میں چل رہے ریو اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں تھیم نے دو گھنٹے 41 منٹ تک اس مقابلے میں پہلے سیٹ میں واپسی کرنے کے بعد مونیر کو 6-7، 6-3، 6-4 سے شکست دیتے ہوئے کوارٹر فائنل میں داخلہ حاصل کیا ۔
کوارٹر فائنل میں ان کا مقابلہ اٹلی کے گانلكا ماگیر سے ہوگا جنہوں نے پرتگال کے جواو ڈومگیس کو 6-3،7-6 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں داخلہ حاصل کیا ہے ۔
تھیم اس سال ہوئے آسٹریلین اوپن کے فائنل میں پہنچے تھے جہاں انہوں نے عالمی نمبر ایک کھلاڑی نوواک جوکووچ کو سخت ٹکر دی تھی۔ حالانکہ انہیں جوکووچ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
تھیم اس طرح سوئٹزرلینڈ کے اسٹار کھلاڑی راجر فیڈرر کو رینکنگ میں پیچھے چھوڑنے سے محض دو قدم دور رہ گئے ہیں۔ تھیم اگر کوارٹر فائنل مقابلہ جیت کر سیمی فائنل میں پہنچتے ہیں اور سیمی فائنل مقابلے میں بھی کامیابی حاصل کر لیتے ہیں تو وہ سوئس ماسٹر فیڈرر کو پیچھے چھوڑ عالمی رینکنگ میں تیسرے نمبر پر پہنچ جائیں گے۔
فیڈرر نے اس سے پہلے گھٹنے کی سرجری کی وجہ سے فرانسیسی اوپن ٹورنامنٹ سے ہٹنے کا فیصلہ کیا تھا اور وہ دبئی، انڈین ویلز، بگوٹا، میامی اور فرانسیسی اوپن میں بھی کھیل نہیں سکیں گے۔
ریو اوپن محض اے ٹی پی 500 ٹورنامنٹ ہے جو جنوبی امریکہ میں کھیلا جاتا ہے۔ اس ٹورنامنٹ کی انعامی رقم 19 لاکھ 20 ہزار ڈالر ہے۔