دوسری سیڈ یافتہ نوواک جوکووچ نے اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے 14 ویں سیڈ ارجنٹینا کے ڈیاگو شوارٹزمین کو دو گھنٹے چھ منٹ چلنے والے میچ کے مسلسل سیٹوں میں 3-6، 4-6 اور 4-6 سے شکست دے کر 11 ویں بار آسٹریلین اوپن کے آخری آٹھ میں جگہ بنائی۔
نوواک جوکووچ گرینڈ سلیم ٹورنامنٹس میں 46 ویں بار کوارٹر فائنل میں پہنچے ہیں۔
اس کے علاوہ تیسرے راؤنڈ میں جد و جہد والے میچ میں جیت درج کرنے والے 20 مرتبہ کے گرینڈ سلیم فاتح سویٹزر لینڈ کے راجر فیڈرر نے چوتھے راؤنڈ میں 67 ویں درجہ بندی کے ہنگری کے کھلاڑی مارٹن فكسووكس کے خلاف پہلا سیٹ گنوانے کے بعد شاندار واپسی کرتے ہوئے اگلے تین سیٹ یک طرفہ انداز میں جیت لیے، فیڈرر نے یہ مقابلہ دو گھنٹے 11 منٹ میں 6-4، 1-6، 2-6 اور 2-6 سے جیت لیا۔
اس کے علاوہ خواتین کے زمرے میں دنیا کی نمبر ایک کھلاڑی اور ٹاپ سیڈ آسٹریلیا کی ایشلے بارٹی نے 18 ویں سیڈ امریکہ کی ایلیسن رسک کو ایک گھنٹے 36 منٹ تک چلنے والے سخت مقابلے میں 3-6، 6-1 اور 4-6 سے شکست دی۔
سات بار کے چیمپیئن رہ چکے نوواک جوکووچ کا کوارٹر فائنل مقابلہ کینیڈا کے ملوس راونک سے جبکہ سوئس اسٹار فیڈرر کوارٹر فائنل میں امریکہ کے ٹینس سینڈگرین سے کھیلیں گے جو عالمی رینکنگ میں 100 ویں نمبر پر ہیں۔
اس کے علاوہ ایشلے بارٹی کا اگلا مقابلہ کیویتووا سے ہوگا جنہوں نے یونان کی 22 ویں سیڈ ماریا سكاری کو تین سیٹ تک چلے میچ میں شکست دی۔