ناگپور: بھارتی ٹیم اور آسٹریلیا کے درمیان 4 میچوں کی بارڈر-گاوسکر سیریز کا پہلا ٹیسٹ ناگپور میں کھیلا جا رہا ہے۔ میچ میں دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک بھارت نے پہلی اننگز میں سات وکٹوں پر 321 رنز بنا لیے تھے۔ ٹیم انڈیا کی برتری 144 رنز ہو گئی ہے۔
ہندوستانی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں ایک وکٹ پر 77 رنز سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ لیکن ٹیم نے صرف 168 رنز پر اپنی 5 وکٹیں گنوا دیں۔ اس کے بعد روہت، جڈیجہ اور اکشر پٹیل کی اننگز نے ہندوستان کو واپس لا لیا۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ میچ میں ٹاس جیت کر آسٹریلیا کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 177 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ مارنس لابوشین نے 49 رنز بنائے۔ جبکہ اسپنر رویندر جڈیجہ نے 5 اور اشون نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ سراج اور شامی کو 1-1 کامیابی ملی۔
ہندوستان نے کپتان روہت شرما کی صبر آزما سنچری (120) کے بعد رویندر جڈیجا (66 ناٹ آؤٹ) اور اکشر پٹیل (ناٹ آؤٹ 52) نے جمعہ کو بارڈر-گاوسکر ٹرافی کے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں آسٹریلیا کے خلاف 144 رنز کی شاندار برتری حاصل کی۔
دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے سے قبل ہندوستان نے 321 رنز بنالئے اور میزبان ٹیم کےہاتھ میں اب بھی تین وکٹیں باقی ہیں۔
روہت نے کپتانی اننگز کھیلتے ہوئے 212 گیندوں میں 15 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 120 رنز بنائے۔ اس کے ساتھ ہی وہ کھیل کے تینوں فارمیٹس میں سنچری بنانے والے پہلے ہندوستانی کپتان بن گئے۔ تلک رتنے دلشان (سری لنکا)، فاف ڈو پلیسس (جنوبی افریقہ) اور بابر اعظم (پاکستان) بین الاقوامی مردوں کی کرکٹ میں روہت سے پہلے یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔
روہت کی وکٹ گرنے کے بعد ہندوستان کی ساتویں وکٹ وکٹ کیپر شریکر بھرت کی صورت میں بھی 240 رنز پر گری۔ آسٹریلیا نے ہندوستان کو ایک چھوٹی برتری تک محدود کرنے کی کوشش کی لیکن جڈیجہ اور اکشر نے آٹھویں وکٹ کے لیے ناٹ آؤٹ 81 رنز کی شراکت قائم کرکے کینگروز کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔
آسٹریلیا کے لیے تاہم، ٹوڈ مرفی کی باؤلنگ سے راحت ملی، جس نے وراٹ کوہلی اور چیتشور پجارا سمیت پانچ بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ اس کے علاوہ کپتان پیٹ کمنز اور نیتھن لیون کو بھی ایک ایک کامیابی ملی۔