سنہ 1992 اولمپک طلائی تمغہ فاتح ازبکستان کے آندرے عبدالوالیو کی صدارت والے ایشیائی ایتھلٹکس فیڈریشن (اے اےا ے) کے چھ اراکین میں بھارتی رنر پی ٹی اوشا کو شامل کیا گیا ہے۔
فیڈریشن کے نو منتخب جنرل سکریٹری اے شوگو مارن نے اوشا کو بھیجے گئے تقرری خط میں لکھا کہ 'مجھے پورا یقین ہے کہ آپ اپنے نظریے اور تجربہ کے ساتھ ایشیائی ایتھلٹکس فیڈریشن میں اپنا بھرپور تعاون دیں گی، ہم ایسوسی ایشن میں آپ کے مکمل تعاون کی امید کرتے ہیں'۔
فیڈریشن کی رکن بننے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے 55 سالہ اوشا نے ٹویٹ کر کے کہا کہ 'میں ایشیائی ایتھلٹکس ایسوسی ایشن کی رکن بننے پر بےحد فخر محسوس کررہی ہوں'۔
واضح رہے کہ پی ٹی اوشا کا شمار ملک کی بہترین اتھیلیٹ میں ہوتا ہے اور انہیں سنہ 1983 میں ارجن ایوارڈ اور سنہ 1985 میں پدم شری ایوارڈ سے نوازا جاچکا ہے۔
پیولی ایکسپریس کے نام سے مشہور پی ٹی اوشا بھارتی ایتھلٹکس سے سنہ 1979 میں منسلک ہوئی تھیں اور وہ سنہ 1984 کے لاس اینجلس اولمپک میں سیکنڈ کے 100 ویں حصہ سے کانسے کا تمغہ جیتنے سے محروم ہو گئی تھیں۔