میلبورن: انجری اور فٹنس مسائل کی وجہ سے پاکستان کو گیند بازوں کی کمی کا سامنا ہے۔ اس سلسلے میں اسپن گیندباز نعمان علی اپینڈسائٹس کے باعث آسٹریلیا سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ ان کی جگہ محمد نواز کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نعمان کی کامیاب لیپروسکوپک اپینڈیکٹومی ہوئی ہے اور اس وقت ان کی حالت مستحکم ہے۔ ان کی صحت میں تیزی سے بہتری آرہی ہے جس کی وجہ سے امید کی جارہی ہے کہ وہ جلد ہی اسپتال سے فارغ ہوجائیں گے۔
ابتدا میں ابرار احمد کے بیک اپ اسپنر کے طورپر ٹیم میں شامل کئے گئے نعمان کی غیر موجودگی نے پاکستان کے باؤلنگ چیلنجز کو بڑھا دیا ہے، ابرار پہلے ہی انجری کی وجہ سے باہر ہو چکے ہیں۔ ساجد خان کو متبادل کے طور پر بھیجا گیا تھا، حالانکہ پہلے ٹیسٹ میں حصہ لینے کے لیے ان کی پرتھ آمد کافی تاخیرسے ہوئی تھی۔
ہفتے کے شروع میں یہ خبر آئی تھی کہ خرم شہزاد نے پرتھ میں اپنے بائیں جانب درد کی شکایت کی تھی۔ اسکین سے یہ بات سامنے آئی کہ دائیں ہاتھ کے کھلاڑی کی پسلیوں میں اسٹریس فریکچر اورپیٹ کی مسل پھٹ گئی تھی۔ آسٹریلیا کے خلاف ایم سی جی میں 26 دسمبر سے شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کو اپنے باؤلنگ کے شعبے میں چیلنجز کا سامنا کرنا پڑے گا۔ یواین آئی۔