اسلام آباد: پاکستان کو 19 سال کے وقفے کے بعد انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) کی جانب سے ایک قابل ذکر ایونٹ کی میزبانی کے حقوق مل گئے۔ پاکستانی اخبار ڈان کی رپورٹ کے مطابق اس سلسلے میں لاہور 13 سے 21 جنوری تک 2024 کے اولمپک گیمز کے لیے 8 ملکی کوالیفائنگ مقابلے کی میزبانی کرے گا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے کیے گئے ایک اعلان کے مطابق لاہور میں ہونے والا ٹورنامنٹ 2004 کی چیمپئنز ٹرافی کے بعد پاکستان کی میزبانی میں ہونے والا پہلا بڑا بین الاقوامی ہاکی ایونٹ ہوگا۔ ملک نے 1990 کے ورلڈ کپ کی بھی میزبانی کی تھی جو لاہور میں ہی منعقد ہوا تھا۔ پاکستان کو اولمپک کوالیفائنگ ٹورنامنٹ کی میزبانی کے حقوق ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پی ایچ ایف کے سیکریٹری حیدر حسین نے شائقین کی ایک بڑی تعداد کو راغب کرکے ملک میں ہاکی کو بحال کرنے کی ایونٹ کی صلاحیت پر زور دیا۔
پی ایچ ایف کے عہدیدار نے کوالیفائنگ راؤنڈ کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور اسے قومی کھیل کی رونقوں کو واپس لانے اور پاکستان میں مستقبل کے ہاکی مقابلوں کے لیے دروازے کھولنے کی جانب پہلا قدم قرار دیا۔چونکہ مذکورہ کوالیفائنگ راؤنڈ کی ٹاپ تین ٹیمیں 2024 کے اولمپکس میں شرکت حاصل کریں گی، لہٰذا پاکستان اسے اس باوقار ٹورنامنٹ میں مقام حاصل کرنے کے لیے ایک اہم موقع کے طور پر دیکھتا ہے۔ برازیل (2016) اور جاپان (2020) میں منعقدہ آخری دو ایڈیشنز میں کوالیفائی کرنے میں ناکام رہنے کے بعد ورلڈکپ 2024 میں پاکستان اپنی شناخت بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
حیدر حسین نے یقین دلایا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن ایونٹ کو یادگار بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کا مقصد ایک کامیاب ٹورنامنٹ کا انعقاد اور پاکستان کی قومی ٹیم کو بہترین کارکردگی کا پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔جب مالی مشکلات کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے مدد کے لیے حکومت کے ساتھ ساتھ آرمی ویلفیئر ٹرسٹ اور ڈی ایچ اے لاہور سے بھی رابطہ کیا، دونوں ادارے وفاق کی مدد کے لیے آگے آئے ہیں۔
اولمپک کوالیفائنگ ٹورنامنٹ کے میزبانی کے حقوق حاصل کرنے کے بعد جلد ہی ایک جامع دستاویزی عمل شروع ہو جائے گا جس سے پی ایچ ایف ٹورنامنٹ کے انعقاد کے لیے درکار اخراجات کا تخمینہ لگا سکے گی۔ حیدر حسین نے کہا کہ مالی چیلنجز کے باوجود پاکستان ہاکی فیڈریشن نے سینئر اور جونیئر دونوں قومی ٹیموں کے بین الاقوامی دوروں کا کامیابی سے انتظام کیا ہے اور وہ کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ بین الاقوامی مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ (یو این آئی)