نئی دہلی: اولمپک میڈلسٹ پہلوان سشیل کمار جو ساگر دھنکھر قتل کیس کے ملزمین میں سے ایک ہیں، نے طبی بنیادوں پر عبوری ضمانت کے لیے دہلی کی روہنی عدالت کا رخ کیا ہے۔ سشیل کمار 02 جون 2021 سے عدالتی حراست میں ہیں۔ سشیل کمار کے وکیل کی طرف سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ ملزم اگست 2016 سے اینٹریئر کروسیٹ لیگامنٹ کے اینٹیرو میڈیل بنڈل کے پھٹنے سے متاثر ہے اور اس کے بعد سے وہ اس کا طبی علاج کروا رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ملزم کی ایم آر آئی کی تاریخ 07 جنوری 2023کو صفدر جنگ اسپتال دہلی نے دی تھی جہاں سے اسے سینٹرل جیل، نئی دہلی سے لے جایا گیا تھا۔
بی ایل کے ہسپتال کے ڈاکٹروں نے 26 جولائی 2023 کو سرجری کا مشورہ دیا ہے اور داخلے کی عارضی تاریخ 24 جولائی 2023 ہوگی۔ اس نے تازہ ترین طبی دستاویزات جمع کرائی ہیں۔ ایڈیشنل سیشن جج سشیل کمار نے ملزم کمار کی درخواست کی سماعت کے بعد کہاکہ "تفتیشی افسر (آئی او) کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ملزم کے طبی دستاویزات کی تصدیق کرے اور اگلی سماعت کی تاریخ پر تصدیقی رپورٹ داخل کرے۔"
یہ بھی پڑھیں: Sushil Kumar Get Bail اولمپک پہلوان سشیل کمار کی عبوری ضمانت منظور
جج نے کہاکہ "ملزم کے طبی دستاویزات کے حوالے سے تصدیقی رپورٹ اور 18 جولائی 2023 کو دائر کی گئی مذکورہ درخواست پر دلائل جمع کروائیں۔" آئی او کو آئندہ سماعت پر ذاتی طور پر پیش ہونے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ سشیل کمار سمیت دیگر پر سابق جونیئر نیشنل ریسلنگ چیمپئن دھنکھر اور ان کے دوستوں کے ساتھ مبینہ طور پر جائیداد کے تنازع پر 04 مئی 2021 کو دہلی کے چھترسال اسٹیڈیم کی پارکنگ میں حملہ کرنے کا الزام ہے۔ دھنکھر بعد میں ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق دماغی چوٹ کی وجہ سے اس کی موت ہوگئی تھی۔
یو این آئی