کراچی: نیوزی لینڈ کے خلاف کراچی میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن پاکستان 438 رنز بنا کر آؤٹ ہوگیا۔Pakistan vs New Zealand
جواب میں نیوزی لینڈ نے دوسرے دن منگل کا کھیل ختم ہونے تک بغیر کوئی وکٹ کھوئے 165 رنز بنا لیے ہیں۔ ٹیم کے اوپنرز ٹام لیتھم اور ڈیون کونوے نے پاکستانی باؤلرز کو ایک بھی وکٹ نہ لینے دی۔Pakistan vs New Zealand
لیتھم دوسرے دن اسٹمپ تک 78 رنز بنا کر کھیل رہے ہیں۔ کانوے نے 82 رنز کے ساتھ دن کا اختتام کیا۔ لیتھم نے 126 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے آٹھ چوکے لگائے۔ اس کے ساتھ ہی کانوے نے 156 گیندوں کی اپنی اننگز میں 14 چوکے لگائے ہیں۔
اس سے قبل کراچی میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن پاکستان نے اپنی پہلی اننگز دوبارہ شروع کی تو بابر اعظم اور آغا سلمان وکٹ پر موجود تھے۔
نیوزی لینڈ کو دن کی ابتدا میں ہی اس وقت کامیابی ملی جب کپتان بابر اعظم گزشتہ روز کے اسکور میں کوئی اضافہ کیے بغیر ٹم ساؤدھی کو وکٹ دے بیٹھے، انہوں نے ایک چھکے اور 15 چوکوں کی مدد سے 161 رنز بنائے۔اس کے بعد آغا سلمان کا ساتھ دینے نعمان علی آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور میں اضافے کا سلسلہ جاری رکھا۔
آغا سلمان نے ذمے دارانہ کھیل پیش کیا اور نعمان نے 75 گیندوں پر 7 رنز بنا کر ان کا بھرپور ساتھ نبھایا، اس 54 رنز کی شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب نیل ویگنر نے نعمان کو چلتا کردیا۔محمد وسیم محض پانچ گیندوں کے مہمان ثابت ہوئے اور دو رنز بنانے کے بعد اش سودھی کی وکٹ بن گئے۔
دوسرے سرے پر موجود آغا سلمان نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ایک اور نصف سنچری مکمل کی جس کی بدولت پاکستان نے میچ کے دوسرے دن کھانے کے وقفے تک 8 وکٹوں کے نقصان پر 377 رنز بنا لیے تھے۔
کھانے کے وقفے کے بعد صرف ایک رن بنا کر میر حمزہ بھی اش سودھی کا شکار بن گئے، پاکستان کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی آغا سلمان تھے جو 103 رنز کا شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤدھی نے 3، اعجاز پٹیل، مائیکل بریسویل اور اش سودھی نے دو، دو وکٹیں اپنے نام کیں۔
یو این آئی۔