ڈبلن: آئرلینڈ نے بیری میک کارتھی (ناٹ آؤٹ 51) اور کرٹس کیمفر (39) کے ساتھ ان کی نصف سنچری شراکت کی بدولت جمعہ کو پہلے ٹی 20 میں ہندوستان کے سامنے 140 رنوں کا ہدف رکھا۔
آئرلینڈ نے 59 رن پر چھ وکٹیں گنوا دی تھیں لیکن میک کارتھی کی نصف سنچری نے میزبان ٹیم کو چینلجنگ اسکور تک پہنچانے میں مدد کی۔ میک کارتھی نے 33 گیندوں پر چار چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 51 رنز بنائے۔ یہ کسی بھی نمبر آٹھ بلے باز کا ہندوستان کے خلاف ٹی20 انٹرنیشنل میں سب سے بڑا اسکور ہے۔
ہندوستان نے ٹاس جیت کر گیندبازی کا فیصلہ کیا۔ اس میچ میں جہاں جسپریت بمراہ نے 11 ماہ بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کی، وہیں پرسدھ کرشنا اور رنکو سنگھ نے بین الاقوامی کرکٹ میں ڈیبیو کیا۔ بمراہ نے اپنی واپسی میں دوسری ہی گیند پر اینڈریو بلبرنی کو بولڈ کیا، جبکہ اپنے اوور کی پانچویں گیند پر انہوں نے لورکن ٹکر کا وکٹ حاصل کیا۔
ہیری ٹیکٹر (16 گیند، 9 رنز) اور پال اسٹرلنگ (11 گیند، 11 رنز) پاور پلے میں جدوجہد کے بعد تین گیند کے اندر بالترتیب پرسدھ اور روی بشنوئی کا شکار ہوئے۔ پاور پلے کے فوراً بعد پرسدھ نے 31 رن پر آئرلینڈ کا پانچواں وکٹ گرا دیا۔
آدھی ٹیم پویلین لوٹنے کے بعد کرٹس کیمفر نے آئرلینڈ کی اننگ کی ذمہ داری سنبھالی۔ وکٹ پر کچھ وقت گزارنے کے بعد مارک ایڈیئر (16 گیندیں، 16 رنز) بھی بعد آؤٹ ہوئے، جس کے بعد بیری میکارتھی نے کیمفر کا ساتھ دیا۔ کیمفر نے 16ویں اوور میں بمراہ کو ایک چوکا اور ایک چھکا لگایا جب کہ اگلے اوور میں میک کارتھی نے پرسدھ کو ایک چھکا اور دو چوکے لگائے۔ دونوں بلے بازوں نے 44 گیندوں پر 57 رنز کی نصف سنچری شراکت داری کی جس سے آئرلینڈ باعزت اسکور تک پہنچنے میں مدد ملی۔
کیمفر 33 گیندوں پر تین چوکوں اور ایک چھکا کی مدد سے 39 رنز بنانے کے بعد 18ویں اوور میں آؤٹ ہوئے لیکن میک کارتھی کا حملہ جاری رہا۔ بمراہ نے 19ویں اوور میں صرف ایک رن دے کر اپنا اسپیل ختم کیا، لیکن میک کارتھی نے 20ویں اوور میں دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 22 رنز جوڑے اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں اپنی پہلی ففٹی بھی مکمل کی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کرکٹ بورڈ کو غلطی کا احساس
بمراہ نے چار اوورز میں 24 رن دے کر دو وکٹ لئے، جبکہ بشنوئی (23 رن، دو وکٹ) اور پرسدھ (4 اوور، 32 رن) نے بھی دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ ارشدیپ نے چار اوور میں 35 رن دے کر ایک کامیابی حاصل کی۔
یواین آئی۔