چھ بار کی عالمی مکہ باز چیمپئن ایم سی میری کوم اور مرد ہاکی ٹیم کے کپتان منپریت سنگھ ٹوکیو اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں بھارتی پرچم بردار ہوں گے۔
اس کے علاوہ 2018کے عالمی کشتی چیمپئن شپ میں چاندی کا تمغہ جیتنے والے اور بھارت کی سب سے بڑی تمغہ لانے والی امیدوں میں سے ایک بجرنگ پونیا آٹھ اگست کو اختتامی تقریب میں پرچم بردار ہوں گے۔
اس طرح کا اعلان انڈین اولمپک ایسوسی ایشن (آئی او اے) نے کیا ہے۔
انڈین اولمپک ایسوسی ایشن نے ٹوکیو اولمپک گیمز کی آرگنائزنگ کمیٹی کو اس سلسلے میں اپنے فیصلے سے واقف کرا دیا ہے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق اولمپک کے لیے بھارتی اسکواڈ میں تقریباً 126 ایتھلیٹ اور 75 حکام ہوں گے۔ دستہ میں 56 فیصد مرد اور 44 فیصد خواتین شامل ہیں۔
واضح رہے کہ ٹوکیو گیمز میں 'صنفی مساوات' کو یقینی کرنے کے لیے پہلی بار بھارت نے ایک مرد اور ایک خاتو ن ایتھلیٹ کو پرچم بردار منتخب کیا ہے۔
گزشتہ سال کی شروعات میں انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) نے افتتاحی تقریب میں دونوں صنفوں کے لیے پرچم برداری کا انتظام کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: Tokyo Olympics: ٹوکیو اولمپک کے لیے بھارت کا تھیم سانگ لانچ
انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے سربراہ تھامس باک نے ایک بیان میں کہا کہ آئی او سی کے ایگزیکٹیو بورڈ نے فیصلہ کیا کہ پہلی بار 206 ٹیموں میں سے ہر ایک میں کم از کم ایک خاتون اور ایک مرد ایتھلیٹ اور کھیلوں میں حصہ لینے والے ایک آئی او سی پناہ گزیں اولمپک ٹیم ہونی چاہیے۔
واضح رہے کہ ٹوکیو اولمپک 23جولائی سے 8 اگست تک ہوں گے۔ بنیادی طور پر یہ انعقاد گزشتہ برس ہونا تھا لیکن کورونا وبا کی وجہ سے اسے ملتوی کرنا پڑا تھا۔