نئی دہلی: سابق ہندوستانی کرکٹر اور کمنٹیٹر سنجے منجریکر نے گھریلو حالات میں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں محمد سراج سے شاندار کارکردگی کی امید ظاہر کی ہے۔
منجریکر نے اسٹار اسپورٹس پروگرام گیم پلان میں کہا، ’’ہم بڑے ستاروں کے بارے میں جانتے ہیں لیکن میں سراج کی ٹیسٹ گیند بازی کو دیکھ کر بہت پرجوش ہوں۔ ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی تمام اچھی کارکردگی بیرون ملک، مددگار حالات میں آئی ہے۔ نئی اور پرانی گیند کے ساتھ ان کی مہارت شاندار ہے۔ کیا وہ اپنی چھاپ چھوڑ سکیں گے؟ کیونکہ اگر وہ محمد سمیع کے ساتھ اچھی کارکردگی دکھا سکے تو اسپنرز کے لیے ایک اچھا پلیٹ فارم تیار ہو جائے گا۔
خیال ر ہے کہ محمد سراج نے گزشتہ دو برسوں میں 20 ون ڈے کھیل کر 38 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ سراج 2023 میں اور بھی زیادہ مہلک نظر آئے، جہاں انہوں نے صرف پانچ میچوں میں 10.6 کی اوسط سے 14 وکٹیں حاصل کیں۔
بارڈر-گواسکر ٹرافی 2020-21 میں جب ہندوستان کا مقابلہ میزبان آسٹریلیا سے ہوا تو سراج تین میچوں میں 13 وکٹوں کے ساتھ ہندوستان کی جیت کے ہیرو رہے تھے۔ منجریکر کو امید ہے کہ سراج گھریلو حالات میں بھی اسی کارکردگی کو دہراسکیں گے۔
ہندستان اور آسٹریلیا کے درمیان چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز 9 فروری سے ناگپور میں ہوگا۔ اس کے بعد کے تین ٹیسٹ بالترتیب دہلی، دھرمشالہ اور احمد آباد میں کھیلے جائیں گے۔ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے کے لیے ہندوستان کے لیے یہ سیریز جیتنا ضروری ہے۔ یواین آئی۔