ریاست ہریانہ، ضلع جیند کے چھوٹے سے گاؤں نڈانی سے تعلق رکھنے والی انشو ملک (پہلوان) ٹوکیو اولمپکس 2021 (Tokyo Olympic-2021) میں کوالیفائی کرنے کے بعد پولینڈ میں پریکٹس کر رہی ہیں۔
انشو ملک (wrestler anshu malik) ضلع جیند کے نڈانی گاؤں میں بھارتی خواتین کی ریسلنگ کا تابناک ستارہ ہے۔ انشو نے جونیئر کیٹیگری میں ہونے کے باوجود دو سال قبل سینیئر کیٹیگری میں قومی مقابلے میں شرکت کی اور طلائی تمغہ جیتنے میں کامیاب ہوئی۔ اس کے بعد اس نے کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور مسلسل کامیابی حاصل کرتی رہیں یہاں تک کہ وہ 57 کلوگرام وزن کے زمرے میں بھی ملک کی پہلی نمبر کی پہلوان بن چکی ہیں۔
انشو ملک کی والدہ منجو ملک نے بتایا کہ انشو کو اس کھیل کی ترغیب ان کی دادی نے دی تھی۔ دادی سے متاثر ہوکر انشو نے 2013 سے اس کھیل کا آغاز کیا۔ اس کے بعد وہ مسلسل کامیابی کے منازل طے کرتی رہی۔ انشو کی والدہ نے بتایا کہ گھر کے تمام افراد انشو کی بیٹے کی طرح دیکھ بھال کرتے ہیں اور بہت پیار کرتے ہیں۔
منجو ملک نے بتایا کہ جب انشو گاؤں میں رہتی ہے تو وہ صبح 4 گھنٹے اور شام 4 گھنٹے مشق کرتی ہے۔ اس مرتبہ اسے پوری امید ہے کہ انشو میڈل ضرور لائے گی اور ملک کا نام روشن کرے گی۔
ایشین چمپیئن شپ میں سونے اور ورلڈ کپ میں چاندی کا تمغہ جیتنے والی انشو ملک کو پہلوانی ورثہ میں ملی ہے۔ اس کے چچا قومی سطح کے پہلوان تھے اور ان کے والد بھی پہلوان ہی ہیں انھوں نے ہی انشو ملک کو ابتداء میں کشتی کا درس دیا۔
انشو ملک کے والد دھرمیندر ملک نے بتایا کہ ان کی بیٹی زمینی پوزیشن میں تھوڑی کمزور ہے، جس پر انشو نے بہت محنت کی ہے۔ اس کے علاوہ ان کی بیٹی پینڈنگ میں بہت مضبوط ہے۔
انشو ملک کے والد نے یہ بھی بتایا کہ انشو نے 2016 میں سی بی ایس ایم اسپورٹس کالج سے ریسلنگ کا آغاز کیا تھا۔ اگرچہ 2016 بھی انشو کے لیے بہت اچھا ثابت ہوا لیکن انشو کی شہرت 2017 میں ہوئی جب وہ عالمی چمپیئن بنی تھیں۔ واضح رہے کہ اولمپک گیمز 23 جولائی سے 8 اگست تک ٹوکیو میں منعقد ہوں گے۔