نئی دہلی: ایف آئی ایچ ہاکی ویمنس نیشنس کپ کے لئے بھارتی ٹیم میں شامل ہوئی نوجوان کھلاڑی بیوٹی ڈونگ ڈونگ نے کہا کہ اگرچہ انہیں اس کی امید نہیں تھی، لیکن یہ ان کے لئے ایک خواب کے سچ ہونے جیسا ہے۔ بیوٹی نے کہا، “میں ٹیم میں اپنا نام آنے پر بہت خوش ہوں۔ مجھے اس کی امید نہیں تھی کیونکہ تربیتی کیمپ میں بہت سے اچھے کھلاڑی موجود ہیں۔ میں واقعی حیران تھی۔ میں شکر گزار ہوں کہ میری محنت رنگ لا رہی ہے۔ بھارت سینئر خواتین ہاکی ٹیم میں منتخب ہونا میرا خواب تھا، لہذا میں اس سے بہت خوش ہوں۔" بھارتی خواتین کو نیشنس کپ کے لیے اسپین کے ویلنسیا کا سفر کرنا ہے۔ سویتا پونیا کی ٹیم کو پول بی میں کینیڈا، جاپان اور جنوبی افریقہ کے ساتھ رکھا گیا ہے جبکہ پول اے میں اٹلی، آئرلینڈ، کوریا اور اسپین شامل ہیں۔ جھارکھنڈ کے سمڈیگا ضلع سے تعلق رکھنے والی بیوٹی نے اپنا ہاکی سفر اس وقت شروع کیا جب وہ صرف چھ سال کی تھیں۔ جس اسکول میں بیوٹی پڑھتی تھی ہر طالب علم کو اپنی ہاکی اسٹک لانا ہوتی تھی، اس لیے وہ اپنی ہاکی اسٹک کے ساتھ اسکول جاتی تھیں۔ Beauty Dungdung on FIH Hockey Nations Cup
بیوٹی نے کہا، "مجھے کھیل میں آگے بڑھنے میں اپنے کنبہ سے بہت تعاون ملا۔ میرے والد نے خاص طور پر میری حوصلہ افزائی کی۔ میں نے اس سے کھیل کے بارے میں بہت کچھ سیکھا اور کچھ ہی دیر میں اپنے مقامی ہاسٹل سے ہاکی کھیلنا شروع کر دی۔جونیئر خواتین ٹیم کے ساتھ میرا پہلا دورہ 2019 میں آئرلینڈ میں تھا۔ پھر، میں نے اسی سال بیلاروس اور آسٹریلیا کا سفر کیا۔ 2021 میں میں نے ٹیم کے ساتھ چلی کا سفر کیا۔ اس سال مجھے ایف آئی ایچ ہاکی ویمنز جونیئر ورلڈ کپ جنوبی افریقہ 2021 کے لیے سفر کرنے کا موقع ملا جہاں میں نے بہت کچھ سیکھا۔ جھارکھنڈ سے تعلق رکھنے والی بیوٹی نے کہا کہ وہ اسپین میں اپنی پہلی مہم سے قبل سینئر ٹیم کے ساتھ تربیت میں کافی وقت گزار رہی ہیں۔ وہ اپنی بنیادی صلاحیتوں پر کام کر رہی ہے کیونکہ اس کے مطابق اس سے اسے خود کو مضبوط کرنے کا موقع ملے گا۔
یہ بھی پڑھیں: Sumit on Indian Hockey Team مجھے قومی ٹیم میں شامل ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا، سمت
بیوٹی نے کہا، “ایف آئی ایچ ہاکی ویمن نیشن کپ ہمارے لیے اہم ہے۔ اگر ہم ایف آئی ایچ ویمنز ہاکی پرو لیگ 2022-2023 کے لیے کوالیفائی کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں میچ جیتنے ہوں گے۔ ہم بہت ساری ٹیموں کے بارے میں بات کر رہے ہیں، اور ہمیں ان چیزوں کو یاد رکھنے کی ضرورت ہے تاکہ ہم میچ کے دوران ان کا اطلاق کر سکیں اور مطلوبہ نتائج حاصل کر سکیں۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ نیشنز کپ بین الاقوامی کیلنڈر میں ایک اہم ایونٹ ہے کیونکہ اس میں جیتنے والی ٹیم کو ایف آئی ایچ ہاکی ویمنز پرو لیگ کے 2023-2024 سیزن میں کھیلنے کا موقع ملے گا۔
یو این آئی