بنگلورو: ہندوستانی جونیئر خواتین ہاکی ٹیم منگل کی صبح یہاں کیمپگوڈا بین الاقوامی ہوائی اڈے سے جنوبی افریقہ کے لئے روانہ ہوئی۔ کپتان پریتی کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم کا مقابلہ 17 سے 25 فروری تک جنوبی افریقہ کی جونیئر خواتین ہاکی ٹیم اور جنوبی افریقہ اے ٹیم سے ہوگا۔ روتاجا داداسو پسل کو نائب کپتان کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔
پریتی نے جنوبی افریقہ میں کھیلنے کے بارے میں اپنے جوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم میں ہر کوئی جنوبی افریقہ میں کھیلنے کے لیے بہت پرجوش ہے۔ کچھ کھلاڑیوں کا یہ پہلا دورہ ہے اور ہم چیلنج کے لیے تیار ہیں۔ ہم نے بنگلورو میں نیشنل اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا (سائی) کے مرکز میں ابھی ایک زبردست کیمپ مکمل کیا جہاں ہمیں سینیئر ٹیم کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملا۔
یہ بھی پڑھیں: جونیئر خواتین ہاکی ٹیم نے انڈر -21 کاخطاب جیتا
انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف یہ میچز ایشیا کپ انڈر 21 سے قبل ایک اچھا نمائشی دورہ ہوگا۔ جنوبی افریقہ میں یہ میچز ہمیں ان شعبوں کو سمجھنے میں مدد کریں گے جن میں بہتری کی ضرورت ہے۔ ہندوستانی لڑکیاں 17، 18 اور 20 فروری کو جنوبی افریقہ کی انڈر 21 ٹیم سے مقابلہ کریں گی، جب کہ ان کا مقابلہ 24 اور 25 فروری کو جنوبی افریقہ کی 'اے' ٹیم سے ہوگا۔
یواین آئی