امپھال: بھارتی فٹبال ٹیم کے کپتان سنیل چھیتری اور سندیش جھنگن کے گول کی بدولت بھارت نے منگل کو یہاں سہ رخی دوستانہ ٹورنامنٹ میں کرغز جمہوریہ کو 2-0 سے شکست دے کر مسلسل دوسری جیت درج کی۔ کھمان لمپک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے یکطرفہ مقابلے میں جھنگن نے 34ویں منٹ میں بھارت کا کھاتہ کھولا جب کہ سنیل چھیتری نے 84ویں منٹ میں گول کیا۔ کرغیز جمہوریہ نے مقابلے کی مضبوط شروعات کی، جب کہ بھارتی کھلاڑیوں نے اپوزیشن کے ہاف میں جگہ تلاش کرنے کے لیے جدوجہد کی۔ انور اور آکاش مشرا نے نویں منٹ میں ارنسٹ باترکانوف کی کوشش کا بچاؤ کیا، حالانکہ اس کے بعد بھارت نے آہستہ آہستہ مقابلے میں واپسی کی۔
بھارت کو 19ویں منٹ میں فری کِک بھی ملی جسے گول کیپر ارزان نے کامیابی سے بچا لیا۔ کئی کوششوں کے بعد میزبان ٹیم کو پہلی کامیابی 34ویں منٹ میں فری کک پر ملی۔ برینڈن فرنینڈس نے فری کک سے گیند کو باکس میں دھکیل دیا جس کے بعد جھنگن نے چالاکی سے اسے گول میں تبدیل کر دیا۔ کرغز جمہوریہ نے اسکور برابر کرنے کی کوشش میں دوسرے ہاف کا مضبوط آغاز کیا۔ ارنسٹ نے 49ویں منٹ میں مہمانوں کے لیے ایک موقع پیدا کیا، لیکن وہ گول کیپر گرپریت سندھو کو پیچھے چھوڑنے کا راستہ نہیں ڈھونڈ سکے۔
یہ بھی پڑھیں: SAFF U-17 Women's Championship بھارت نے بھوٹان کو نو صفر سے شکست دی
اس دوران ہندوستان نے اپنی برتری کو دوگنا کرنے کی کوشش جاری رکھی جو 84ویں منٹ میں کامیاب رہی۔ کپتان چھتری نے آفیشل ٹائم ختم ہونے سے چھ منٹ قبل اوپری بائیں کونے میں پنالٹی لگا کر ہندوستان کی جیت پر مہر ثبت کی۔ سہ رخی ٹورنامنٹ کے دو میچوں میں ہندوستان کی یہ دوسری جیت ہے۔ ہندوستان نے اپنے پچھلے میچ میں میانمار کو 1-0 سے شکست دی تھی۔ یہ دونوں میچ جنوری 2023 میں ہونے والے اے ایف سی ایشین کپ کے لیے ہندوستانی ٹیم کی تیاری کا حصہ تھے۔
یو این آئی