اندور: ہندوستان نے کپتان روہت شرما (101) اور شبھمن گل (112) کی شاندار سنچریوں کی بدولت منگل کو تیسرے اور آخری ون ڈے میں نیوزی لینڈ کو 90 رن سے شکست دے کر ون ڈے سیریز 3-0سے جیت لی۔ ہندوستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اووروں میں نو وکٹوں کے نقصان پر 385 رن بنائے۔ جواب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 41.2 اوور میں 295 رن پر ڈھیر ہوگئی۔
روہت اور گل نے ڈبل سنچری کی شراکت داری کرتے ہوئے ہندوستان کی جیت کی بنیاد رکھی۔ روہت نے 85 گیندوں پر نو چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے 101 رن بنائے، جس سے ون ڈے کرکٹ میں 1101 دنوں کی خشک سالی کا خاتمہ ہوا۔ دو میچز قبل ڈبل سنچری بنانے والے گیل نے اپنی شاندار فارم کو جاری رکھتے ہوئے 78 گیندوں پر 112 رن بنائے جس میں 13 چوکے اور پانچ فلک بوس چھکے شامل تھے۔ درمیانی اووروں میں کئی دھچکوں کے بعد ہندوستانی اننگز ڈگمگا گئی جس کے بعد ہاردک پانڈیا نے 38 گیندوں پر تین چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 54 رن بنا کر ٹیم کو باعزت اسکور تک پہنچا دیا۔
ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈیون کونوے نے سنچری اسکور کی لیکن انہیں کوئی سہارا نہ مل سکا۔ کونوے نے اکیلے 100 گیندوں پر 12 چوکوں اور آٹھ چھکوں کی مدد سے 138 رن بنائے جبکہ نیوزی لینڈ کا دوسرا سب سے بڑا اسکور 42 (ہنری نکولس) رہا۔
یہ رن کے لحاظ سے نیوزی لینڈ کے خلاف ہندوستان کی چوتھی سب سے بڑی جیت ہے۔ اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان آئی سی سی ون ڈے ٹیم رینکنگ میں بھی نیوزی لینڈ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سرفہرست مقام پر پہنچ گیا ہے۔
ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ نے پہلے ہی اوور میں ایلن کا وکٹ گنوا دیا، حالانکہ اس کے بعد کونوے اور ہنری نکولس نے اننگز کو سنبھالنے کام کیا۔ دونوں نے دوسرے وکٹ کے لیے 106 رن کی شراکت داری کی جس میں نکولس نے 42 رن کی شراکت داری کی۔ نکولس نے کلدیپ یادو کا شکار ہونے سے پہلے 40 گیندوں میں تین چوکے اور دو چھکے لگائے۔
نکولس کا وکٹ گرنے کے بعد کونوے نے ڈیرل مچل (24) کے ساتھ تیسرے وکٹ کے لیے 78 رن جوڑے۔ کونوے نے 24ویں اوور میں یوزویندر چہل کو لگاتار دو چھکے لگا کر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ نیوزی لینڈ اس شراکت داری کی بدولت میچ پر گرفت بنارہا تھا، جب شاردول ٹھاکر ہندوستان کی مدد کے لیے آگے آئے۔ ٹھاکر نے مچل، ٹام لیتھم اور گلین فلپس کی وکٹ 10 گیندوں پر حاصل کیں اور پلک جھپکتے ہی آدھے کیویز پویلین لوٹ گئے۔
کونوے نے اپنی جدوجہد جاری رکھی لیکن کچھ دیر بعد وہ بھی عمران ملک کی گیند پر روہت کو کیچ تھما کر پویلین لوٹ گئے۔
نیوزی لینڈ کو آخری 18 اوورز میں 156 رن درکار تھے اور کیویز کا لوئر آرڈر دباؤ میں گر گیا۔ کلدیپ یادو نے مائیکل بریسویل (26) اور لوکی فرگوسن کو آؤٹ کیا، جب کہ یوزویندر چہل نے جیکب ڈفی کو آؤٹ کرنے کے بعد مچل سینٹنر (34) کی صورت میں نیوزی لینڈ کا آخری وکٹ حاصل کیا۔
کلدیپ اور ٹھاکر نے مجموعی طور پر تین تین کامیابیاں حاصل کیں، جب کہ چاہل نے دو وکٹ حاصل کئے۔ پانڈیا اور عمران نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔ یواین آئی