کوچین: دفاعی چیمپئن حیدرآباد ایف سی نے اتوار کو ہیرو انڈین سپر لیگ (آئی ایس ایل) 2022-23 کے پلے آف سے قبل آخری لیگ مرحلے کے میچ میں کیرالہ بلاسٹرز کو 1-0 سے شکست دی۔ جواہر لعل نہرو اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ہسپانوی مڈفیلڈر بورجا ہیرارا نے 29ویں منٹ میں فاتحانہ گول کیا۔ آسٹریلوی اٹیکنگ مڈفیلڈر جوئل کینیگی کو مڈ فیلڈ میں شاندار کارکردگی پر میچ کا ہیرو قرار دیا گیا۔ اس جیت کے ساتھ ہیڈ کوچ مانولو مارکیز کی حیدرآباد کی ٹیم مثبت انداز میں پلے آف میں داخل ہو جائے گی۔ حیدرآباد ایف سی کے 20 میچوں میں 13 جیت، تین ڈرا اور چار ہار کے ساتھ 42 پوائنٹس ہیں جبکہ وہ ٹیبل میں دوسرے نمبر پر ہے۔
ہیڈ کوچ ایوان ووکومانووچ کے بلاسٹرز کے گھر پر پلے آف میں کھیلنے کے خواب چکنا چور ہو گئے کیونکہ مسلسل تیسری شکست نے گھر پر ان کی چھ جیت کا سلسلہ ختم کر دیا۔ کیرالہ بلاسٹرز کے 20 میچوں میں 10 جیت، ایک ڈرا اور نو ہار کے ساتھ 31 پوائنٹس ہیں اور وہ پانچویں نمبر پر لیگ مرحلے کا اختتام کرے گی۔ وہیں ممبئی سٹی پوائنٹس ٹیبل میں پہلے نمبر پر ہے۔ اس کے 20 میچوں میں 14 جیت 4 ڈرا اور 2 ہار کے ساتھ 46 پوائنٹس ہے۔ وہیں بنگلورو 34 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے اس کے 20 میچوں میں 11 جیت ایک ڈرا اور آٹھ شکست ہے۔ جبکہ اے ٹی کے موہن باگان 34 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ اس کے 20 میچوں میں 10 جیت 4 ڈرا اور 6 شکست ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ISL 2022 اٹلیٹکو ڈی کولکاتا موہن بگان کی جمشیدپور ایف سی پر جیت
یو این آئی