نئی دہلی: مختلف سیاسی پارٹیوں کے علاوہ دہلی کے جنتر منتر پر 23 اپریل سے جاری پہلوانوں کے احتجاجی مظاہرے کو طلباء، خواتین، کسان اور مزدور تنظیموں کی طرف سے حمایت مل رہی ہے۔ 7 مئی یعنی کل اتوار کو ایک بار پھر کسان تحریک سے وابستہ تنظیموں نے بڑے احتجاج کی تیاری کر لی ہے۔ خبر ہے کہ پنجاب، ہریانہ اور یوپی کے کسانوں اور کھاپ پنچایتوں نے اپنی حکمت عملی بنانا شروع کردیا ہے۔ ایسے میں امکان ہے کہ پہلوانوں کا احتجاج شدت اختیار کرسکتا ہے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے سے پہلے ہی کھاپ کی جانب سے کہا جا رہا تھا کہ اگر پہلوانوں کے مطالبات نہیں مانے گئے تو بند کا اعلان کیا جائے گا۔ کچھ دن پہلے دہلی، ہریانہ اور یوپی کی کھاپ پنچایتوں کے نمائندے جنتر منتر پہنچے تھے۔ کسان لیڈر راکیش ٹکیت نے بھی پہلوانوں کی حمایت کی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مظفر نگر میں سروکھاپ ہیڈکوارٹر میں کھاپ چودھریوں کی میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ کھاپ کے سبھی لیڈر 7 مئی بروز اتوار جنتر منتر پہنچیں گے۔ بھارتیہ کسان یونین سمیت کئی کسان تنظیموں کے نمائندے بھی اتوار کو دہلی میں جمع ہوں گے۔ ایسا لگتا ہے کہ جنتر منتر کسان تحریک پارٹ-2 کی شکل اختیار کر رہا ہے۔ ایک دن پہلے ہریانہ کے کسانوں کے گروپ، جو احتجاجی پہلوانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے آ رہے تھے، پولیس نے سنگھو بارڈر پر روک لیا۔ حکام نے بتایا تھا کہ 24 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ جنتر منتر پر ہنگامہ آرائی کے بعد دہلی پولیس نے گشت اور سیکورٹی اہلکاروں کی تعداد بڑھا دی ہے۔ کسان تحریک سے سبق لیتے ہوئے دہلی کے سرحدی علاقوں میں کئی رکاوٹیں لگائی گئی ہیں۔ حالانکہ ابھی تک سرحد بند نہیں کی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کسانوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے سخت چوکسی برتی جارہی ہے۔ پولیس کے مطابق پنجاب، ہریانہ اور اتر پردیش سے کسانوں کی بڑی تعداد ٹریکٹروں پر سوار ہو کر دہلی آ رہی ہے۔ مختلف ریاستوں کی کھاپ پنچایتوں کو دہلی میں بلا کر حکمت عملی تیار کی جائے گی۔ اس کے لیے 7 مئی کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔
کسانوں کے اس اعلان کے بعد دہلی میں سیکورٹی ایجنسیاں ہائی الرٹ پر ہیں۔ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ دہلی میں امن و امان کی صورتحال خراب نہ ہو، پولیس ہیڈ کوارٹر میں سینئر پولیس افسران کے درمیان کئی میٹنگیں چل رہی ہیں۔ پولیس کو اندیشہ ہے کہ سماج دشمن عناصر تحریک کی آڑ میں ہنگامہ برپا کر سکتے ہیں۔ اس پر نظر رکھنے اور شرپسند عناصر سے سختی سے نمٹنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
پہلوانوں کے احتجاج سے کسان ایک بار پھر اپنی تحریک کو مضبوطی سے شروع کرنے جارہی ہے۔ حکومت کو اس کے وعدے یاد دلاتے ہوئے کسان تنظیموں نے فیصلہ کیا ہے کہ مئی کے مہینے میں ملک کی ہر ریاست میں کسانوں کی طرف سے ایک بار پھر جارحانہ احتجاج کیا جائے گا۔ متحدہ کسان مورچہ کی قیادت میں کسان تنظیموں نے فیصلہ کیا ہے کہ 26 مئی سے 31 مئی تک ملک کی تمام ریاستوں میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔ اس میں ایم ایس پی کو قانونی حیثیت، قرض سے نجات، کسانوں اور پنشن اور لکھیم پور کھیری تشدد کے معاملے میں وزیر مملکت برائے داخلہ اجے مشرا کی گرفتاری، کسانوں کے خلاف درج مقدموں کی واپسی اور کسانوں کے خاندانوں کو معاوضہ دینا شامل ہے جو کسان تحریک کے دوران ہلاک ہو گئے تھے۔
مزید پڑھیں: