چھ بار کی عالمی چمپئن باکسر ایم سی میریکوم نے اولمپک كواليفائرس کے لئے ہفتہ کو یہاں 51 کلو ٹرائیلز میں اپنی حریف نکہت زرین کو 9-1 سے ہرانے کے بعد کہا کہ جب نکہت ان کا احترام نہیں کرتی ہے تو وہ اس کا احترام کیوں کریں ۔
میری کوم نے یہ مقابلہ جیتنے کے بعد نکہت سے ہاتھ نہیں ملایا اور ناراض رنگ سے اتر گئیں۔ اس بارے میں مقابلے کے بعد پوچھے جانے پر میری کوم نے صحافیوں کو بتایاکہ میں اس سے ہاتھ کیوں ملاؤں ، جب وہ میرا احترام نہیں کرتی ہے تو میں اس کا احترام کیوں کروں۔
ایک طرف تو وہ کہتی ہے کہ میں اس کی مثالی ہوں اور دوسری طرف وہ میرے خلاف کچھ بھی بولتی رہتی ہے۔
اولمپک میڈلسٹ باکسر نے غصے کے ساتھ کہاکہ وہ پہلے میڈیا میں میرے خلاف بہت کچھ کہہ چکی ہے، اس نے وزیر کھیل کو خط لکھا ہے، اس نے فیڈریشن کو خط لکھا ہے، مجھے اس طرح کا سلوک پسند نہیں ہے کہ ایک طرف آپ کچھ بولو اور دوسری طرف کچھ۔
انہوں نے کہاکہ میں کبھی تنازعہ پسند نہیں کرتی۔ ہمیشہ میری توجہ اپنے کھیل پر لگی رہتی ہے۔ میں جب تک کھیل رہی ہوں میری توجہ ہمیشہ ملک کے لئے بین الاقوامی ٹورنامنٹوں میں تمغہ جیتنے پر لگی رہتی ہے۔
میں نے ٹرائیلز کو لے کر کوئی تنازعہ کھڑا نہیں کیا تھا اور میں نے سب کچھ فیڈریشن کے قوانین کے تحت کیا ہے۔
راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ نے میڈیا سے بھی کہاکہ اگر آپ کو میرا انٹرویو کرنا ہے تو مجھ سے غیر ضروری سوال نہیں پوچھیں۔ مجھے اس طرح کی باتیں پسند نہیں ہیں۔
کچھ بھی ہوتا ہے آپ لوگ مجھ سے سوال پوچھنے لگتے ہیں۔ آخر مجھے خود کو رنگ میں کتنی بار ثابت کرنا پڑے گا۔ میں ٹورنامنٹوں میں تمغہ جیت رہی ہوں اور آپ کو کیا چاہیے۔ میری توجہ ابھی اولمپک کے لئے ٹکٹ حاصل کرنے اور ٹوکیو میں تمغہ جیتنے پر لگی ہوئی ہے۔