نئی دہلی: بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے صدر راجر بنی اور نائب صدر راجیو شکلا ایشیا کپ کی میزبانی کے موقع پر پی سی بی کے مہمانوں کے طور پر پاکستان جائیں گے۔
ایک رپورٹ کے مطابق، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین ذکاء اشرف نے 15 اگست کو بی سی سی آئی کے اعلیٰ حکام کو دعوت نامہ بھیجا تھا۔ بی سی سی آئی سمیت شرکت کرنے والی ٹیموں کے بورڈ کے تمام اعلیٰ ارکان نے اپنی موجودگی کی تصدیق کر دی ہے۔
دو ستمبر کو سری لنکا کے پالے کیلے اسٹیڈیم میں ہندوستان اور پاکستان کے میچ کے ایک یا دو دن بعد، بنی اور راجیو شکلا واہگہ بارڈر کے راستے لاہور جائیں گے، جہاں وہ ایک عشائیہ میں شرکت کریں گے۔
غورطلب ہے کہ گزشتہ چند مہینوں میں، دونوں بورڈز کئی معاملات پربرہم رہے ہیں، حالانکہ پی سی بی نے حال ہی میں اپنی ٹیم کو ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے ہندوستان آنے کی اجازت دے کر تناؤ کو کم کرنے کی جانب قدم بڑھایا تھا۔
اطلاعات کے مطابق اس دورے کے موقع پر متعلقہ بورڈ کے سربراہان کے درمیان کوئی باضابطہ میٹنگ نہیں ہونے جا رہی ہے۔ بنی اور شکلا کے اپنے دو روزہ دورے کے دوران 3 یا 5 ستمبر کو قذافی اسٹیڈیم میں ایک میچ دیکھنے کا بھی امکان ہے۔
قابل ذکر ہے کہ بی سی سی آئی نے سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر پاکستان جانے سے انکار کردیا تھا جس کی وجہ سے پی سی بی کو ایشیا کپ کے 13 میں سے صرف چار میچوں کی میزبانی دی گئی ۔ کئی مہینوں کی کشمکش کے بعد، بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ کی سربراہی میں ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے ہائبرڈ ماڈل میں ٹورنامنٹ کو منعقد کرنے پر اتفاق کیا تھا، جس کے تحت ہندوستان اپنے ایشیا کپ کے تمام میچ سری لنکا میں کھیلے گا۔
یہ بھی پڑھیں: بابر میں نظر آتی ہے کوہلی کی جھلک، موڈی
ہندوستان ایشیا کپ میں اپنی مہم کا آغاز 2 ستمبر کو پاکستان کے خلاف کرے گا۔ اگر دونوں ٹیمیں فائنل میں پہنچتی ہیں تو اس ٹورنامنٹ کے دوران وہ تین بار آمنے سامنے ہو سکتی ہیں۔
یواین آئی۔