میلبورن: ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان جمعہ سے شروع ہونے والی تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے آغاز سے قبل آسٹریلیا کو بڑا دھچکا لگا ہے، جس میں اس کے دو اسٹار کھلاڑی ٹیم کا حصہ نہیں بن سکیں گے۔
ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز کل سے شروع ہو رہی ہے۔ پہلے ون ڈے میچ میں دونوں ٹیمیں موہالی کے گراؤنڈ پر آمنے سامنے ہوں گی۔ اس سے قبل آسٹریلوی کھیلوں کے شائقین کے لیے بری خبرسامنے آئی ہے۔ آسٹریلیا کے گلین میکسویل اور مچل اسٹارک پہلے ون ڈے کے آغاز سے قبل ہی ٹیم سے باہر ہو چکے ہیں۔ اسٹارک ابھی تک اپنی انجری سے صحت یاب نہیں ہوئے ہیں اور انہیں آرام دیا گیا ہے جبکہ میکسویل بھی زخمی ہیں۔
آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے ہندوستان کے خلاف میچ سے قبل پریس کانفرنس میں کہا کہ میں اچھا محسوس کر رہا ہوں اور میری کلائی بالکل ٹھیک ہو گئی ہے۔ مجھے کوئی پریشانی محسوس نہیں ہو رہی۔ مجھے لگتا ہے کہ میں تینوں میچ کھیل سکوں گا۔ اسٹارک کل نہیں کھیلیں گے۔ امید ہے کہ وہ اگلے میچوں کا حصہ بنیں گے۔ توقع ہے کہ میکسویل بھی آگے کے میچوں میں ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ ہم ورلڈ کپ سے قبل ٹیم کو متوازن کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔
اسٹارک برطانیہ میں ایشز سیریز کے بعد کمر اور کندھے کے مسائل سے ٹھیک ہو رہے ہیں اور اس سے قبل وہ جنوبی افریقہ کی وائٹ بال سیریز سے باہر ہو گئے تھے۔ دوسری جانب میکسویل پروٹیز کے خلاف کھیلنے کے لیے تیار تھے لیکن سیریز سے قبل ٹخنے کی انجری بڑھ گئی اور وطن واپس آگئے۔
قابل ذکر ہے کہ مچل اسٹارک آسٹریلیا کے سینئر اور تجربہ کار باؤلر ہیں۔ انہوں نے آسٹریلیا کے لیے 110 ون ڈے میچوں میں 219 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ اس دوران ایک میچ میں 28 رنز دے کر چھ وکٹیں لینا ان کی بہترین کارکردگی ہے۔ انہوں نے 82 ٹیسٹ میچوں میں 333 وکٹ لئے ہیں۔ اسٹارک نے ایک ٹیسٹ میں 11 وکٹیں لے کر 94 رنز دیے۔ یہ ان کی بہترین کارکردگی رہی ہے۔ وہ 58 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 73 وکٹ لے چکے ہیں۔
آسٹریلیا اورہندوستان کی ٹیمیں آئی سی سی مردوں کی ون ڈے ٹیم رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن کے لیے کل سے مدمقابل ہوں گی۔ پاکستان اس وقت سرفہرست ہے، لیکن ورلڈ کپ مہم شروع ہونے سے پہلے کوئی اور مسابقتی میچ نہیں کھیلے گا۔ ایشیا کپ جیتنے کے بعد بھارت 115 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جب کہ آسٹریلیا 113 پوائنٹس کے ساتھ اس سے بہت پیچھے ہے۔ سیریز کے نتائج فیصلہ کریں گے کہ ورلڈ کپ میں نمبر 1 ون ڈے ٹیم کے طورپر کسے جانا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی خواتین کرکٹ ٹیم ایشین گیمز کے سیمی فائنل میں
ہندوستان-آسٹریلیا ون ڈے سیریز کے لیے ٹیمیں درج ذیل ہیں۔
ہندوستان کی طرف سے، شبھمن گل، ایشان کشن، تلک ورما، شریاس ائیر، کے ایل راہل (وکٹ کیپر/کپتان)، سوریہ کمار یادو، رویندرا جڈیجہ، روی چندرن اشون، جسپریت بمراہ، محمد شامی، محمد سراج، شاردول ٹھاکر، ریتوراج گائیکواڑ، پرسدھ کرشنا، ، واشنگٹن سندرہیں۔ کے ایل راہل کو پہلے دو میچوں کے لیے کپتانی سونپی گئی ہے۔
آسٹریلیا کی ٹیم میں ڈیوڈ وارنر، مچل مارش، جوش انگلش، اسٹیون اسمتھ، مارنس لیبوشین، الیکس کیری (وکٹ کیپر)، مارکس اسٹونیس، کیمرون گرین، پیٹ کمنز (کپتان)، ایڈم زمپا، جوش ہیزل ووڈ، نیتھن ایلس، شان ایبٹ، میتھیو شارٹ، اسپینسر جانسن، تنویر سانگھا شامل ہیں۔
یواین آئی۔