ڈریگ فلکر گرجيت کور کے پنالٹی کارنر پر دو شاندار گولز کی بدولت بھارتی خاتون ہاکی ٹیم نے ایشیائی کھیلوں کی چیمپیئن جاپان کو1-3 سے شکست دے کر گزشتہ سال ایشیائی کھیلوں کے فائنل میں شکست کا بدلہ لیتے ہوئے اور ایف آئی ایچ سیریز فائنلز کا طلائی تمغہ جیت لیا۔
اس سے قبل بھارت نے فائنل میں داخلے کے ساتھ ہی اولمپک کوالیفائنگ ٹورنامنٹ کے لیے کوالیفائی کر لیا تھا۔
بھارت کی جانب سے گرجيت کور نے دو جبکہ کپتان رانی رامپال نے ایک گول کیا۔
رانی نے کھیل کے تیسرے ہی منٹ میں پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کر کے ٹیم کو برتری دلائی، دونوں ٹیمیں گول کرنے کےلیے کوشش کرتی رہیں اور 11 ویں منٹ میں جاپان کی کھلاڑی کینن موری نے گول کر کے اسکور 1-1 سے برابر کر دیا۔
اس کے بعد آخری منٹ میں ملنے والے دو پنالٹی کارنر کو گرجیت کور نے گول کرنے میں کوئی غلطی نہیں کی اور 1-3 کی برتری بنا دی۔
بھارتی ٹیم کی کپتان رانی رامپال کو ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کے ایوارڈ سے نوازا گیا جبکہ میچ میں دو گول کرنے والی گرجیت کور کو میچ کی بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔