ہاکی انڈیا نے تجربہ کار اسٹرائیکر رانی رامپال کو ٹوکیو اولمپکس میں بھارتی خواتین ہاکی ٹیم کی نمائندگی کرنے والی 16 رکنی ٹیم کا کپتان مقرر کیا ہے۔ رانی نہ صرف اپنی فیلڈ پرفارمنس بلکہ ٹیم میں موجود نوجوان کھلاڑیوں کی رہنمائی کرنے کے لیے بھی پہلی پسند ہے۔
ہاکی انڈیا نے انتہائی قابل اعتماد ڈیفنڈر دیپ گریس اور تجربہ کار گول کیپر سویتا کو ویمن ٹیم کا نائب کپتان مقرر کیا ہے۔ دونوں کھلاڑی تقریباً ایک دہائی سے انڈین کور گروپ میں شامل ہیں اور وہ لیڈرشپ گروپ کا لازمی حصہ رہے ہیں۔
انہوں نے بھارت کی شاندار فتوحات میں بھی کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ ان دونوں نے ایف آئی ایچ ویمنز ورلڈ کپ میں متاثر کن کارکردگی کے بعد 2018 میں کیریئر کی بہترین نویں رینکنگ حاصل کی تھی۔
واضح رہے کہ رانی کی کپتانی میں بھارتی خواتین ہاکی ٹیم نے گزشتہ چار برسوں میں نمایاں نتائج حاصل کیے ہیں، جن میں 2017 میں ایشیاء کپ جیتنا، ایشین گیمز 2018 میں چاندی کا تمغہ، ایشین چیمپیئنز ٹرافی 2018 میں چاندی کے علاوہ ایف آئی ایچ سیریز 2019 میں فائنل جیتنا۔
یہ بھی پڑھیے: ICC World Test Championship: چوتھے دن کا کھیل بھی بارش کی نذر
رانی کی زیر قیادت ٹیم نے پہلی بار لندن میں ایف آئی ایچ ویمن ورلڈ کپ 2018 کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی۔ وہ بھونیشور میں ایف آئی ایچ اولمپک کوالیفائر کے دوران بھارت کی کارکردگی کا مرکزی نقطہ تھیں، جہاں ان کے گول نے ٹیم کو کوالیفائی کے لیے امریکہ کے خلاف 6-5 سے آگے کردیا تھا۔