آئی او سی نے ٹوکیو اولمپک 2021 کی نئی تاریخوں کا پیر کو اعلان کیا تھا۔ اولمپکس 23 جولائی سے آٹھ اگست 2021 تک منعقد ہوں گے۔ ان کھیلوں کا انعقاد اس سال 24 جولائی سے ہونا تھا ليكن کورونا وائرس کے خطرے کی وجہ سے انہیں ملتوی کر دیا گیا تھا۔
ہاکی انڈیا کے صدر محمد مشتاق احمد نے کہا کہ اولمپکس کی تاریخوں کا اعلان ہونے سے ہمیں تیاری اور منصوبہ بندی میں آسانی ہوگی۔ ہم اولمپکس کے لئے کوالیفائی پہلے ہی کر چکے ہیں۔
ایسے میں یہ ہمارے لئے اورآسان ہو جائے گا۔ ہم ہندوستانی اولمپک ایسوسی ایشن (آئی او اے) اور وزارت کھیل کے ساتھ مل کر كام کر رہے ہیں جس سے مرد اور خاتون ٹیموں کی کارکردگی بہتر ہو سکے۔
مشتاق احمد نے کہاکہ ابھی کے حالات میں ہم اس بارے میں نہیں بتا سکتے کہ ٹیم کس ٹورنامنٹ میں کھیلے گی۔اگرچہ مرد اور خاتون دونوں ٹیمیں بنگلور میں محفوظ ہیں اور ان کے ساتھ کوچ اور مددگار عملہ بھی وہاں ہے۔ حالات سدھرنے پر ٹیمیں ٹریننگ شروع کردیں گی۔
یہ مشکل دور گزرنے کے بعد ہمیں جلد ہی میدان پر اترنے کی امید ہے۔ خاتون ٹیم کی کوچ شرڈ مرنے نے کہا کہ یہ اچھا ہے کہ ہمیں پتہ چل گیا کہ اولمپکس کب شروع ہوں گے اور اس بارے میں اپنی تیاریاں شروع کر سکتے ہیں۔
اس وقت ہم سب ایک ہی کیمپ میں ہیں اور اولمپکس کی نئی تاریخیں ہمارے لئے اچھی خبر ہے۔ ہم ذہنی اور جسمانی طور پر مضبوط ہو رہے ہیں اور جلد ہی میدان پر واپسی کرنا چاہتے ہیں۔