ہندستانی خاتون ہاکی ٹیم نے 2020 ٹوکیو اولمپکس کے لئے نومبر میں ہونے والے کوالیفائر سے پہلے اولمپک ٹیسٹ ایونٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل میں میزبان جاپان کو 2-1 سے شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا تھا۔
اس سے پہلے لیگ مرحلے میں دنیا کی 10 ویں نمبر کی ہندستانی ٹیم نے پہلے میچ میں 14 ویں رینکنگ کی جاپان کو 2-1 سے شکست دی تھی۔ اس کے بعد دوسرے میچ میں دنیا کی دوسری نمبر کی ٹیم آسٹریلیا سے 2-2 پر ڈرا کھیلا تھا اور تیسرے مقابلے میں دنیا کی 11 ویں نمبر کی ٹیم چین سے گول بغیر ڈرا کھیلا تھا۔
کپتان رانی نے ڈریگ فلکر گرجيت کور کی کارکردگی کی تعریف کی جو تین گول کے ساتھ ٹورنامنٹ میں ٹاپ اسکورر رہیں تھی۔ انہوں نے کہاکہ اولمپکس ٹیسٹ ایونٹ میں ناقابل تسخیر رہنا ٹیم کے لئے بہت خوشگوار رہا۔ اس ٹورنامنٹ کو جیتنے سے دورہ انگلینڈ اور نومبر میں ہونے والے ایف آئی ایچ اولمپکس کوالیفائر سے پہلے ٹیم کا اعتماد بڑھا ہے۔
ہندستانی کپتان نے کہاکہ ٹیم ٹوکیو اولمپکس میں جگہ بنانے کو لے کر پر یقین ہے۔ اولمپک ٹیسٹ ایونٹ میں کھیلنے سے ٹیم کو کافی مدد ملی ہے۔ ٹیم نے اس ٹورنامنٹ میں آسٹریلیا جیسی دنیا کی نمبر دو ٹیم کے ساتھ مقابلہ کھیلا جس سے ہمیں اپنے کھیل کی سطح پرکھنے میں مدد ملی۔ ہمارا مقصد اس وقت اولمپکس کے لئے كواليفائی کرنا ہے اور مجھے لگتا ہے کہ ٹیم صحیح راستے پر ہے۔